شادیوں میں مودی کو شریک کرنے والے کشمیریوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے: عوامی تحریک
عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع
پر خصوصی تقریب
تقریب سے برگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی اور دیگر کا
خطاب
سہیل احمد رضا، قاضی فیض الاسلام، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف نے بھی خطاب کیا۔
لاہور (5 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئیر راہنما بریگیڈیر ریٹائرڈ اقبال احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ایوب کے بعد کسی حکمران نے کشمیر کی آزادی کے لئے سنجیدگی نہیں دیکھائی، پہلے انگریز آرمی چیف جنرل گریسی غداری نہ کرتے تو آج کشمیر آزاد ہوتا۔ تقریب سے جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، سہیل احمد رضا، قاضی فیض الاسلام، شہزاد رسول، مظہر محمود علوی، چوہدری عرفان یوسف، اور شیخ آفتاب نے خطاب کیا۔
جی ایم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو پانچ فروری کے دن بھی وادی کشمیر میں موجود ہونے کے باوجود کلبھوشن کا نام لیکر بھارت کی مذمت کرنے کی توفیق نہیں ہوئی، انہوں نے کہا مودی کو خاندانی شادیوں میں بطور مہمان خصوصی شریک کرنے والے کشمیری عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات، نور اللہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس امریکہ کی ایک سروے رپورٹ کے مطابق وادی کشمیر میں 41 فیصد شہری ڈپریشن کے مرض کا شکار ہیں اور 1994 کے بعد خود کشی کے کیسز میں اڑھائی سو فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مزید کس انسانی المیے کا انتظار کر رہی ہے؟
سہیل رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ نے کشمیر کاز کو قومی کاز لسٹ سے نکالا کشمیر کو پی ٹی وی کے قومی خبر نامے سے نکالا کشمیر کو سفارتی مہم سے نکالا اور اب کہتے پھرتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔
شہزاد رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جنگی جرائم کا نوٹس لیا جائے اور مقبوضہ وادی کے شہریوں کے انسانی حقوق کو بحال کیا جائے اور اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔ قاضی فیض الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایماندار اور غیرت مند وزیراعظم آئے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے لوٹ مار کی دولت بچانے کے لئے کشمیر سمیت قومی سلامتی کے امور کو نقصان پہنچایا۔
مظہر محمود علوی نے کہا کہ، مسئلہ کشمیر حل کروانا اقوم متحدہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ، پاکستان اور بھارت کی بھی ذمہ داری ہے۔ برطانیہ کی وجہ سے مسئلہ کشمیر نے تنازع کی شکل اختیار کی تقسیم ہند کے موقع پر اکثریتی آبادی والے خطوں کو آزادی دینے کے اصول کا کشمیر کے خطے پر بھی اطلاق کردیا جاتا تو آج جنوبی ایشیاء جنگ کے دھانے پر نہ ہوتا۔
چوہدری عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے آزاد کرائیں گے، امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے۔ شیخ آفتاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بزدلی چھوڑ دیں اور کشمیری عوام کے ساتھ خلوصِ نیت سے کھڑے ہوں۔ اس موقع پر ملک فضل، طیب ضیاء، قاری ریاست چدھڑ اور دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ