این اے 154 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں: عوامی تحریک
قاتلوں اور نااہلوں کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: خرم نواز گنڈاپور
عدلیہ نواز شریف اور مریم نواز کی توہین آمیز گفتگو کا نوٹس لے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب
لاہور (2 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ این اے 154 میں پی ٹی آئی کے امیدوار علی ترین کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، برسر اقتدار حکمرانوں نے ملک و قوم کا بہت نقصان کیا ہے، ن لیگ کے برسراقتدار ہوتے ہوئے پاکستان کبھی اپنے پاؤں پرکھڑا نہیں ہوسکتا، جنہیں سپریم کورٹ نے مافیا اور نااہل قرار دیا ان کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، عدلیہ نواز شریف اور مریم نواز کی معزز ججز اور عدالتوں کے خلاف سرعام توہین آمیز گفتگو کا نوٹس لیں، این اے 154میں تحریک انصاف کے رہنما علی ترین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ان کی الیکشن کمپین بھی چلائیں گے، انتخابی مہم چلانے کے لئے صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب فیاض وڑائچ کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کر دی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور لوٹ مار کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی ہمیشہ سے ہم آہنگی رہی ہے، علی ترین کی انتخابی مہم میں عوامی تحریک کے قائدین وکارکنان ڈور ٹو ڈور جائیں گے اور ان شاء اللہ کرپٹ وقاتل جماعت کو شکست دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لودھراں میں پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پردونوں جماعتوں کے صوبائی رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ این اے 154 کے مقیم آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کریں، خوف خدا سے محروم کرپٹ اور قاتل حکمران کبھی بھی عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے، لودھراں کے عوام ملکی ترقی اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے علی ترین کو ووٹ دیں، انہوں نے کہا کہ حکمران اپنا اقتدار بچانے کے لیے ملک اور قومی اداروں کو مسلسل کمزور کر رہے ہیں، دھن، دھونس اور دھاندلی ن لیگ کے انتخابی نشان ہیں، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جدوجہد، اقرباء پروری، ناانصافی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکن علی ترین کی انتخابی مہم میں عوامی خدمت کے جذبے سے حصہ لیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی بیڈ گورننس ناانصافی اور کرپشن سمیت دیگر مسائل سے نجات کے لیے انہیں گھر بھیجنا ہوگا، پنجاب حکومت کے ناقص اور غیر معیاری ترقیاتی منصوبے عوام اور خزانے پر بوجھ ہیں، لودھراں کے عوام ن لیگ کو مسترد کر کے حکمرانوں کے اقتدار کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سیاست میں تشدد اور توہین کا کلچر متعارف کروایا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کا قصاص لیں گے، حکمران قاتل ہیں اور ان کا ٹھکانہ جیل ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے این اے 154 میں حمایت کرنے پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے عوامی تحریک کے ساتھ ہے۔
تبصرہ