نواز شریف کا وقت قریب، چیخ و پکار حالت نزع والی ہے، کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈرہے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں حصول انصاف اور آئندہ کے
لائحہ عمل کیلئے مشاورت مکمل
ڈرون حملوں، غیر ملکی دھمکیوں پر خوش ہونیوالے نا اہل نواز شریف بتائیں غیر ملکی
طاقتوں سے کیاسودے بازی ہوئی؟
قاتل اشرافیہ کاخدمت اور ترقی کا جعلی چورن اب کہیں نہیں بکنے والا، آج فیڈرل کونسل
کے اجلاس کی صدارت کرینگے
عدل کی بحالی کی آڑ میں اپنی بحالی کیلئے اداروں کو بلیک میل کرنیوالے ’’کک آؤٹ‘‘
ہونگے
پانامہ لیکس میں نا اہل ہونیوالے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسیاں چڑھیں گے:
سربراہ عوامی تحریک
لاہور (27 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے نامزد ملزم نواز شریف کا انجام قریب ہے۔ انکی چیخ و پکار حالت نزع والی ہے، وہ بد حواسی میں شہر شہر نااہلی اور کرپشن کے داغ دھونے والی لانڈری ڈھونڈ رہے ہیں جو انہیں مل نہیں رہی۔ قاتل اشرافیہ کاخدمت اور ترقی کا جعلی چورن اب کہیں نہیں بکنے والا۔ عدل کی بحالی کی آڑ میں اپنی بحالی کیلئے اداروں کو بلیک میل کرنیوالے اب مکمل’’کک آؤٹ ‘‘ہونگے۔ پٹواریوں، مالیوں، کانسٹیبلوں کے جلسوں کی کوئی حیثیت نہیں۔
سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے سی ای سی کے ممبران نے شرکت کی، سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے حصول انصاف، شہباز شریف اور حواریوں کے استعفوں سے متعلق منظور کی جانیوالی قرارداد کی توثیق کی اور سربراہ عوامی تحریک کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد اور یقین کا اظہار کی۔ اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر MQI ڈاکٹر حسین محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم جملہ فورمز کے صدور و سیکرٹری جنرلز نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں اور غیر ملکی جارحیت کی دھمکیوں پر خوشی کا اظہار کرنیوالے نااہل نواز شریف بتائیں غیر ملکی طاقتوں سے کیا سودے بازی ہوئی؟ ہم توپہلے ہی کہتے ہیں کہ جب بھی نواز شریف گرفت میں آتے ہیں بارڈر کی صورتحال خراب ہو جاتی ہے۔ پاکستان کے سرحدی علاقوں اور فورسز پر بلا اشتعال فائرنگ شروع ہوجاتی ہے۔ جڑانوالا میں نواز شریف اپنی ہی حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کر کے اسکی جڑوں میں بیٹھ گئے۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ میں ذرا برابر بھی شرم ہے تو اسکا جواب دیں کہ ڈرون حملے کیوں ہو رہے ہیں اور بیرونی ممالک دھمکیاں کیوں دے رہے ہیں؟ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے نامزد ملزمان کس عدل اور انصاف کی بات کر تے ہیں؟
پانامہ کیس میں تو جھوٹ بولنے پر کک آؤٹ ہوئے، ماڈل ٹاؤن کیس میں یہ پھانسیاں چڑھیں گے، اوراب انکا انجام بہت قریب ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ نے انکے قاتل ہونے پر مہر لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادرن سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس اور کرپشن ریفرنسز کی سزاؤں سے بچنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اتوار 28 جنوری کوفیڈرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور دونوں اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں ہونیوالے فیصلوں ا ور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میڈیا کو بریفننگ دیں گے۔
تبصرہ