نیب نوٹس دے یا سپریم کورٹ فیصلہ، دونوں بھائی آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
نان سٹاپ بولنے والے قاتل اعلیٰ کو 14بے گناہوں کے قتل کیس
میں بلایا جائے
کرپٹ حکمران قاتل اور کرپٹ نظام کے محا فظ اور یہ نظام انکی کرپشن اور لوٹ مار کا محافظ
ہے
جن کرپٹ عناصر کی آنکھیں نکلنی چاہئیں وہ اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں: سیکرٹری جنرل
عوامی تحریک
لاہور (22 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نیب کا نوٹس آئے یا سپریم کورٹ کا فیصلہ دونوں بھائی تسلیم کرنے کی بجائے آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ شہباز شریف کو مالی بے ضابطگی کی بجائے 14 شہری قتل کرنے کے کیس میں طلب کیا جائے اور ساتھ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو بھی بلایا جائے پھر دیکھتے ہیں نان سٹاپ بولنے والے قاتل اعلیٰ کے حلق سے الفاظ کیسے نکلتے ہیں؟ جن کرپٹ عناصر کی آنکھیں نکلنی چاہئیں وہ اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اداروں کو آنکھیں دکھانے کی یہ سہولت طلب کئے جانیوالے ہر شخص کوحاصل ہے جو اشرافیہ کو ہے؟ انہیں اس لئے برداشت کیاجاتا ہے کہ ان کے پاس اقتدار کا ڈنڈا ہے؟ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف قاتل بھی ہیں اور کرپٹ بھی اور ہم سب اپنی زندگی میں نواز شریف کی طرح شہباز شریف کے چہرے پر پڑے ہوئے نقاب ہٹتے ہوئے دیکھیں گے، کوئی کتنا ہی شاطر اور چالاک کیوں نہ ہو مگر اللہ کی بے آواز لاٹھی کی زد میں ضرور آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نیب کے طلب کرنے پر اتنے برہم ہوئے جیسے انہیں بلا کر کوئی جرم کیا گیا ہو۔ ابھی وہ صرف پیش ہوئے ہیں انہیں بے گناہی کا سر ٹیفکیٹ نہیں ملا جب ملے گا تو پھر آتش بازی کریں چاہے ہولی منائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ شہباز شریف نے قومی دولت فینسی منصوبوں میں پانی کی طرح بہائی اور من پسند ٹھیکے داروں کو نوازا۔ غلط منصوبوں میں قومی دولت ضائع کرنا بھی کرپشن ہے، حیرت ہے 8 سال بلدیاتی اداروں کے فنڈ جیب خرچ سمجھ کر استعمال کرنیوالے ایمانداری اور گڈ گورننس کے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہباز شریف کے دعووں کو مسترد کرتے ہیں جب بھی غیر جانبدار کمشن بنا انکی ساری لوٹ مار منظر عام پر آ جائے گی، انہوں نے کہا کہ نیب کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہباز حکومت کا کچا چٹھا عوام کے سامنے لائیں۔ ان کی لوٹ ما رکا انداز سائنسی ہے۔ موجودہ نظام ان کی کرپشن کو نہیں پکڑ سکتا جیسے دن دیہاڑے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کروانے کے باوجود انہیں کوئی نہیں پکڑ سکا، یہاں تک کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ میں انکا نام آنے پر بھی انہیں کوئی نہیں پکڑ سکا، انہوں نے کہا کہ یہ اس قاتل اور کرپٹ نظام کے محافظ ہیں اور یہ نظام انکی کرپشن اور لوٹ مار کا محافظ ہے، اس کے باوجود اشرافیہ کے چہرے ضرور ننگے ہوں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہباز شریف نے نیب کو دھمکیاں دے کرغیر قانونی حرکت کی، دونوں بھائی قانون اور اداروں کے باغی ہیں اور قومی وسائل کو میاں محمد شریف کا چھوڑا ہوا ورثہ سمجھ کر ہڑپ کر رہے ہیں۔
تبصرہ