جرات مند نواز شریف 10 سال کی ڈیل کرکے جدہ بھاگے: ترجمان عوامی تحریک
اٹک جیل میں بچوں کی طرح بلک بلک کر روتے تھے اور کہتے تھے مجھے یہاں سے نکالو
سند یافتہ کاذب لندن کے اربوں کے اثاثوں کی منی ٹریل دیں
لاہور (20 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ 10 سال کی ڈیل کر کے بمعہ اہل و عیال جدہ بھاگنے والے کس جرات اور دلیری کی بات کرتے ہیں؟ میاں نواز شریف ملک چھوڑتے ہوئے نوکر اور باورچی بھی جدہ لے گئے تھے اور جب تک بیرون ملک رہے خوف کے مارے کسی سے ملتے بھی نہیں تھے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری 14 اگست 2014 کو جب عوامی قافلہ لے کر اسلام آباد گئے تو ’’جرات مند‘‘ نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں سونا چھوڑ دیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ جرات مند نواز شریف اٹک جیل میں بچوں کی طرح بلک بلک کر روتے تھے اور ہر ملنے والے سے کہتے تھے مجھے مچھر سونے نہیں دیتے مجھے اٹک جیل سے نکالو اور پھر پانچوں انگلیاں ڈیل کے کاغذ پر لگا کر رات کے اندھیرے میں بھاگ گئے۔ ترجمان نے کہا کہ سند یافتہ کاذب میاں نواز شریف ادھر اُدھر کی باتیں کر کے وقت ضائع کرنے کی بجائے لندن کے اربوں کے فلیٹس کی منی ٹریل دیں۔ کوئی جرات مند اپنے ہی ملک کو نہیں لوٹا اور اپنے ہی گھر میں نقب زنی نہیں کرتا۔ نواز شریف پاکستان کی تاریخ کے واحد وزیراعظم ہیں جو جھوٹ بولنے پر ایوان وزیراعظم سے ’’کک آؤٹ‘‘ ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ نا اہل نواز شریف اپنی حکومت کے شرمناک ریکارڈ ’’گینیز بک‘‘ میں درج کروائیں۔
تبصرہ