رانا ثناء کی پریس کانفرنس ہارے ہوئے جواری کا واویلا تھی: ترجمان عوامی تحریک
خرم نواز گنڈاپور ورثاء کے ہمراہ رپورٹ کی مصدقہ کاپی لینے ہوم
سیکرٹری آفس جائینگے
ڈاکٹر طاہرالقادری کے دروازے پر کون سا بیریئر تھا کہ لاشیں گرائی گئیں؟ نوراللہ
صدیقی
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (5 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر قانون اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس ایک ہارے ہوئے جواری کا واویلا تھی۔ اب جھوٹ بے نقاب ہونے کے لمحات ہیں۔رپورٹ پبلک کرنے کا کوئی علم نہیں تاہم عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کارکنان کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ ہوم سیکرٹری کے دفتر میں رپورٹ کی مصدقہ کاپی لینے کیلئے جائینگے۔ تصدیق شدہ کاپی حاصل کرنے کے بعد اس بات کا جائزہ لیں گے آیا یہ رپورٹ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی جاری کردہ رپورٹ کے عین مطابق ہے یا اس میں کوئی تحریف کی گئی ہے کیونکہ شریف برادران اعلیٰ عدالتوں میں جعلی کاغذات پیش کرنے اور کاغذات میں ردوبدل کے ماہر ہیں۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر قانون کا اڑا ہوا رنگ اور’’ لکنت زدہ‘‘ زبان بتارہی تھی کہ ان کا دل ان کی زبان کا ساتھ نہیں دے رہا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر کے دروازے پر جو لاشیں گرائی گئی تھیں وہاں پر کون سا بیریئر اور مزاحمت تھی؟۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے مرکزی دروازے اور گوشہ درود کے سامنے کون سے بیریئر اور کون سی مزاحمت تھی؟ یہاں بھی لاشیں گرائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں تھانوں کی پولیس عدالت کے حکم پر لگے ہوئے قانونی بیریئر غیر قانونی طریقے سے ہٹانے کیلئے آئی اور آنسو گیس کی بلا اشتعال فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلایا ۔
پولیس والے زبردستی ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے جس پر کارکنوں نے انہیں روکا جس پر گولیوں کی بارش شروع کر دی گئی۔ پولیس والے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کو بھی قبضہ میں لینا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ تعالیٰ اب کوئی جھوٹ جھوٹ نہیں رہے گا۔ سچ ظاہر ہو کر رہے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کارکن خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں پرامن طریقے سے سول سیکرٹریٹ جائینگے اور عدالتی حکم کے مطابق تصدیق شدہ کاپی مانگیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی کیلئے سنٹرل کور کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا۔
تبصرہ