قاتل اور نااہل ٹولے پر پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی: خرم نواز گنڈاپور
اداروں کو آنکھیں دکھانے والے طلال، دانیال، نہال اور خواجے کہاں ہیں؟
وزیر قانون ویڈیو بیان جاری کرنے کی بجائے ذمہ داروں کے نام بتائیں، علامہ فرحت حسین شاہ
لاہور (26 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پر پاکستا ن کی زمین تنگ کرنے کی خواہش مند اشرافیہ اور انکے حواریوں پر بر سر اقتدار ہوتے ہوئے آج پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے۔ نواز شریف ٹولہ اللہ کی پکڑ میں آ چکا ہے۔ اداروں کو آنکھیں دکھانے والے طلال، دانیال، نہال اور خواجے کہاں ہیں؟ حکمرانوں کو اپنی عوامی مقبولیت کی اوقات کا اندازہ ہو جانا چاہیے۔ عوام کی عدالت میں جانے کی بڑھکیں مارنے والوں کو عوامی عدالت سے جوتے پڑ رہے ہیں۔
حالیہ واقعات میں شہید ہونیوالے شہریوں کے قتل کے مقدمات وزیر داخلہ، وزیر اعظم کے خلاف درج کئے جائیں۔ پاکستان کو بدامنی کی آگ میں جھونکنے والے حکمران فی الفور اقتدار چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے 14 کارکن شہید ہوئے مگر ہم نے انصاف کیلئے صرف عدالتوں کی طرف دیکھا، کسی بھی مرحلے پر قانون ہاتھ میں نہیں لیا، اس کے باوجود موجودہ قاتل حکمرانوں نے ہمارا مذاق اڑایا، ہماری قیادت کے طیارے کا رخ بدلا گیا، ایف آئی آر کے اندراج کے حق سے محروم کیا، ہم پر سینکڑوں جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ آج جھوٹا ٹولہ اللہ کی گرفت میں آ چکا ہے۔ وہ منہاج القرآن علما کونسل کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں شہید ہونیوالے شہریوں کی اموات پر دلی دکھ ہے۔ قاتل حکمرانوں نے عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کرنیوالے عناصر کو تحفظ دے کر کروڑوں اسلامیان پاکستان کے مذہبی جذبات کی توہین کی، انہوں نے کہا کہ اپنی صفائی پر مبنی ویڈیوز جاری کرنے کی بجائے وزیر قانون ذمہ داروں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکمران اور حکومت کو اتنا رسوا ہوتے ہوئے نہیں دیکھا جتنا اشرافیہ کو ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور انکے ساتھی گالی بن چکے۔
تبصرہ