نواز شریف اپنی نا اہلی کا انتقام پاکستان سے لے رہے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
48 گھنٹے سے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ایک دو وزیر نہیں پوری حکومت استعفیٰ دے
ملک بد امنی کی آگ میں جل رہا ہے، پارلیمنٹ اور اسکے قصیدہ خواں کہاں ہیں؟
نواز شریف اپنے تحفظ کیلئے وزراء سے استعفے لے سکتے ہیں ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کیوں نہیں؟
لاہور (26 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نوا زشریف اپنی نا اہلی کا انتقام پاکستان سے لے رہے ہیں۔ ایک دو وزیر نہیں پوری حکومت استعفیٰ دے۔ 48 گھنٹے سے ملک میں کوئی حکومت ہے نہ اسکی رٹ۔ سویلین ادارے اور موجودہ نظام فیل ہو چکا۔ عوام گھروں میں محصور ہیں، ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد کر کے عوام کو سچ جاننے کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا، تصادم سے ہونیوالا جانی نقصان اس سے کہیں زیادہ ہے جو بتایا جا رہا ہے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، ملک بد امنی کی آگ میں جل رہا ہے۔ پارلیمنٹ اور اسکے قصیدہ خواں کہاں ہیں؟
سربراہ عوامی تحریک نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پوری زندگی اتنے بد ترین حالات نہیں دیکھے جو آج دیکھ رہے ہیں، یہ حالات نا اہل نواز شریف کے پیدا کردہ ہیں، منصوبہ بندی کے تحت نیوز لیکس سکینڈل تیار کیا گیا، قومی سلامتی کے اداروں اور سپریم کورٹ کے خلاف مورچہ لگایا گیا، عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کیا گیا اور ذمہ داروں کا تحفظ کیا گیا ان سب اقدامات کا مقصد نا اہل نواز شریف کیلئے ریلیف حاصل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے تحفظ کیلئے وزراء سے استعفے لے سکتے ہیں تو ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے ذمہ داروں سے استعفے کیوں نہیں لے سکتے تھے؟۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر موجودہ قاتل حکمرانوں کا قانون کے مطابق احتساب اور ٹرائل ہو جاتا تو قوم اور ملکی اداروں کو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، بہت پہلے کہا تھا نواز شریف ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار ہے، اس غیر ملکی ایجنٹ کو جتنا برداشت کیا گیا ملک کا اتنا نقصان ہو گا اور آج وہ دن ہم دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ بہتر جانتا ہے کہ ملکی ادارے نا اہل نواز شریف کی ملک دشمنی پر مبنی نا قابل برداشت حرکتوں کو کس لئے برداشت کر رہے ہیں۔
تبصرہ