نواز شریف نے کرسی بچانے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں خون بہایا تھا: خرم نواز گنڈاپور
بے گناہ شہریوں کا خون بہانے پر شریف خاندان رسوا ہو رہا ہے: میڈیا سے گفتگو
ناصر شیرازی کو پنجاب حکومت نے اغوا کروایا، غیر ملکی امداد کیلئے شہریوں کو نظر بند کیا جاتا ہے
حکومت شہریوں کی حفاظت کی بجائے انہیں اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کر رہی ہے
لاہور (22 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے جانیں دینے والے افواج پاکستان کے جوانوں اور افسران کی پوری قوم مقروض ہے۔ انہوں نے میجر اسحاق کی شہادت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ یہ قربانی قبول کرے اور انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو نیست و نابود کرے۔ ان شا اللہ تعالیٰ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح پاکستان اور اسکے عوام کی ہو گی۔
خرم نواز گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی دہشتگرد نواز شریف نے کرسی بچانے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں خون بہایا تھا مگر وہ کرسی بھی نہ بچ سکی، بے گناہوں کا خون بہانے پر شریف خاندان رسوا ہو رہا ہے۔ اقتدار بچانے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں۔ صوبائی وزیر قانون کے خلاف رٹ واپس نہ لینے پر ناصر شیرازی کو اغوا کیا گیا غیر ملکی امداد بند ہونے کے خوف کے باعث اپنے ہی شہریوں کو نظر بند رکھا گیا۔ جب حکومت اپنے شہریوں کو قتل، اغوا اور نظر بند کرنے لگے تو پھر ایسے معاشروں کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کی دلدل میں گرنے سے کو ئی نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شریف دور اقتدار پاکستان کی سیاسی، عدالتی، قانونی اور جمہوری تاریخ کے ایک سیاہ دور کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔ اس کا فیصلہ اسمبلی میں بیٹھا کرپٹ، کرمنل اور خوشامدی ٹولہ نہیں پاکستان کا دانشور، ڈاکٹر، مزدور، کسان، کلرک، ہاری، محب وطن عوام، علماء مشائخ، خواتین اور نوجوان کریں گے اور ایک نا اہل اور قاتل کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بر عکس اور آئین کی روح کے خلاف پارٹی صدر بنانے والے منہ چھپاتے پھریں گے اور تاریخ خائن کے ساتھ ساتھ خائن کے ساتھیوں کو بھی آئین و جمہوریت کے غداروں کے طور پر یاد کرے گی۔
تبصرہ