عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کی تنظیم مکمل، نوٹیفیکیشن جاری، بشارت جسپال صدر منتخب
ظالم نظام کے خاتمے کے لیے انقلابی جدوجہد میں تیزی لائیں گے: نو منتخب عہدیداران
پانامہ کے کرپٹ کرداروں نے اسی منحوس نظام کی کوکھ سے جنم لیا: راہنما عوامی تحریک
لاہور
(19 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے انتخابات مکمل، پارٹی کے الیکشن
کمیشن نے تمام عہدیداروں کے انتخاب کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، عہدیدار چار
سال کے لیے منتخب کیے گئے ہیں، بشارت عزیز جسپال، صدر، میاں ریحان مقبول جنرل سیکرٹری،
سید شاہد علی شاہ سینئر نائب صدر، راجہ زاہد محمود، آصف سلہریا، قاری مظہر فرید سیال،
مشتاق احمد نوناری، چوہدری وسیم ہمایوں نائب صدور جبکہ عارف چوہدری سیکرٹری انفارمیشن،
قمرالثاقب ربانی فنانس سیکرٹری منتخب کئے گئے۔ حاجی محمد اشرف، اظہر الیاس چٹھہ، بلال
مصطفوی اور حافظ مسعود الرحمن ایگزیکٹو کے ممبر منتخب کئے گئے۔ نو منتخب عہدیداروں
نے عہد کیا کہ ظالم نظام کے خاتمے کے لیے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسے عظیم ریفارمر
کی سرپرستی میں عوامی تحریک سیاسی جدوجہد میں تیزی لائے گی۔
نو منتخب عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ پانامہ کے کرپٹ کرداروں نے اسی منحوس نظام کی کوکھ سے جنم لیا، اگر اس نظام میں دم خم ہوتا تو نواز شریف اور ان کا سارا خاندان 1990 میں ہی نااہل ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالی ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد اور عوام کی دعائیں رنگ لائیں گی اور پاکستان کو لٹیروں، دھوکہ بازوں اور اقتدار کے حریصوں سے نجات ملے گی۔
نو منتخب سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چوہدری نے کہا کہ عوامی تحریک انقلابی جماعت ہے جس کا سیاسی نصب العین ظالم نظام اور سٹیٹس کو کی منفی قوتوں سے عوام کی جان چھڑوانا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں سکت ہوتی تو پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سے نااہل قرار پانیوالا شخص کھلے عام عدلیہ کی توہین نہ کرتا اور حکومت سپریم کورٹ، نیب اور احتساب عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد کروانے کی بجائے ایک جھوٹے شخص کی بیساکھی نہ بنتی۔
تبصرہ