جاتی امراء کو ایوان وزیر اعلیٰ ڈکلیئر کرنا غیر قانونی ہے: خرم نواز گنڈاپور
اقدام عدالت میں چیلنج کریں گے، قومی خزانہ کسی کے باپ دادا کی وراثت نہیں: سیکرٹری جنرل
لاہور (15 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف کو قاتل شہباز شریف نے جاتی امراء کو ایوان وزیر اعلیٰ ڈکلیئر کرنے کا تحفہ دے کر قومی خزانے کے ساتھ ایک اور ڈکیتی کی۔ نواز شریف کو سرکاری سیکیورٹی دیکر شہباز شریف نے جرم کیا، عوام کے ٹیکسوں کے پیسے پر صرف عوام کا حق ہے، نواز شریف اربوں کھربوں کی لوٹ مار کے پیسوں سے اپنا تحفظ کریں۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جاتی امراء کو ایوان وزیراعلیٰ قرا ر دینا غیر قانونی ہے، اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ ڈاکو اپنی حفاظت کے نام پر جاتے جاتے بھی خزانے پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل ٹولہ ملک اور خزانے کی جان چھوڑ دے۔ قومی خزانے کو باپ دادا کی وراثت مت سمجھا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آج 16 نومبر کو جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ کیس کی سماعت ہے، ہمارا مؤقف ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک ڈاکومنٹ ہے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو اس حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال کا ہر انصاف کے حصول کیلئے عدالیہ کی طرف دیکھ کر گزارا۔ ان شا اللہ فیصلہ مظلوموں کے حق میں آئے گا۔ جسٹس باقر نجفی کمشن پبلک ہونے سے ورثاء کو انصاف ملے گا۔
تبصرہ