اسحاق ڈار ایسے ہی بیمار نہیں، پیچھے اربوں کی لوٹ مار ہے: عوامی تحریک
2014 میں حدیبیہ کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا نیب کے پاس ثبوتوں کا فقدان ہے
جبکہ اسحاق ڈار نے اعترافی بیان میں کہا نواز شریف کے کہنے پر منی لانڈرنگ کی
لاہور (10 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار ایسے ہی بیمار نہیں ہوئے، بیماری کے پیچھے اربوں کی لوٹ مار ہے۔ حدیبیہ پیپر مل ریفرنس کی سماعت خوش آئند ہے۔ 2014 میں حدیبیہ کیس کو بند کرنے کا فیصلہ دیتے وقت کہا گیا تھا کہ نیب کے پاس ثبوتوں کا فقدان ہے، حالانکہ ملزم اسحاق ڈار کا نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کرنے کا اعترافی بیان ریفرنس کا حصہ تھا۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سنیئر رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے اعترافی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کے کہنے پر 1 ارب 20 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی اور جعلی اکاؤنٹس کھلوائے، اسی ٹینشن میں اسحاق ڈار لندن میں چھپے بیٹھے ہیں۔ حدیبیہ پیپر ریفرنس میں اسحاق ڈار کا اعترافی بیان حقائق کے عین مطابق تھا کھلوائے گئے جعلی اکاؤنٹس ریکارڈ کا حصہ اور گواہ آج بھی موجود ہیں۔ نیب نے 11 مارچ 2014 کے فیصلے کے خلاف اپیل میں نہ جا کر ثابت کیا کہ سب کچھ ملی بھگت سے ہوا۔ پانامہ پر قائم جے آئی ٹی میں ایس ای سی پی نے حدیبیہ پیپرز مل کے تمام ثبوت جمع کروائے، ان ثبوتوں میں اسحاق ڈار کا اعترافی بیان بھی جمع کروایا گیا، اسحاق ڈار نے بعد ازاں کہا بیان دباؤ پر لیا گیا، یہ بات اس وقت سچ معلوم ہوتی اگر جعلی اکاؤنٹس نہ پکڑے جاتے اور ایک ارب 20 کروڑ کی منی لانڈرنگ ثابت نہ ہوتی، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حدیبیہ پیپرز مل کیس سے شہباز شریف بھی پکڑے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے 14 شہریوں کے قتل کئے جانے کی جسٹس باقر نجفی کمشن کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ بھی جلد منظر عام پر آئیگی۔ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، ظالم، قاتل اور لٹیرے بالاخر قانون کے شکنجے میں آ گئے۔
تبصرہ