پاکستان، سری لنکا کرکٹ ٹیموں نے ملکر دہشتگردانہ سوچ کو کلین بولڈ کر دیا: ڈاکٹر طاہرالقادری
مشکل وقت میں پاکستان آکر سری لنکا نے پاکستان کے اچھے اور سچے
دوست ہونے کا ثبوت دیا
دہشتگردوں کوکھیل کے میدانوں سے بھی سخت جواب ملنا چاہیے: سربراہ عوامی تحریک
سری لنکا کی طرح پاکستان جلد اپنی سر زمین کو دہشتگردوں سے پاک کرنے میں کامیاب ہو
گا
لاہور (29 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا اور کرکٹ کھیلنا خوش آئند ہے، دونوں ٹیموں نے مل کر دہشتگردانہ سوچ کو کلین بولڈ کر دیا۔ سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان آ کر جرات مندی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا ثبوت دیا جس پر پاکستان کے عوام سری لنکا کی حکومت اور انکے عوام کے شکر گزار ہیں، دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے عزم اور جرات کی پیروی کریں اور انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کوکھیل کے میدانوں سے بھی اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرہ کے ذریعے سخت جواب دیں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا نے ایک طویل عرصہ دہشتگردی کے زخم سہے۔ وہ دہشتگردی کے مضمرات اور سد باب کا بخوبی ادراک رکھتا ہے۔ ایک مشکل وقت میں سری لنکا نے اسی شہر لاہور میں جہاں انکی ٹیم پر دہشتگرد حملہ ہوا تھا کرکٹ کھیل کر پاکستان کے اچھے اور سچے دوست ہونے کا عملی ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی دہشتگردی کا زخم خوردہ ملک ہے اس کے عوام نے 73 ہزار جانی قربانیاں دینے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور دہشتگرد اور انکی خارجی فکر شکست کھا رہی ہے، ان شاءاللہ تعالیٰ بہت جلدسری لنکا کی طرح پاکستان بھی اپنی سر زمین کو دہشتگردوں سے پاک کرنے میں کامیاب ہو گا اور وطن عزیز امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مشکل وقت میں ملک کیلئے کرکٹ کھیلنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں انہوں نے بین الاقوامی معیار کی کرکٹ کھیلی اور پاکستان کا پرچم سر بلند رکھا۔
تبصرہ