شریف برادران نے قوم کے اعتماد، انصاف، صحت، تعلیم، مالی وسائل، مستقبل کو لوٹا: فیاض وڑائچ
جنوبی پنجاب کے عوام اکیسویں صدی میں بھی تعلیم و صحت، پانی وبجلی اور روزگار کی سہولت سے محروم ہیں
شریف برادران ایسے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرتے ہیں جن میں کمیشن بنے : صدر PAT جنوبی پنجاب
لاہور (26 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ
شریف برادران نے قوم کے اعتماد، انصاف، صحت، تعلیم، مالی وسائل اور مستقبل کو لوٹا،
اس لیے انہیں اقتدار سے رسوا کر کے نکالا گیا، عوام دونوں بھائیوں کی نااہلیوں کے سبب
معاشی اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، ملک میں بھوک کی فصل اگ رہی ہے، صاف پانی
میسر نہیں، معصوم بچے خوراک اور علاج نہ ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں جارہے ہیں،
حوا کی بیٹیاں سڑکوں پر بچوں کو جنم دے رہی ہیں، تمام مسائل کے ذمہ دار حکمران ہیں،
عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی آرہی ہے جبکہ پاکستان میں قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کی
وجہ سے آئے روز مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، حکمرانوں کیلئے تعلیم، صحت اور انصاف اہم
نہیں بلکہ اربوں، کھربوں کے وہ نام نہاد ترقیاتی منصوبے اہم ہیں جن سے کمیشن ملتاہے۔
بجلی کی قیمتوں میں بار بار اضافہ حکمرانوں کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بجلی
کی قیمتوں میں اس وقت اضافہ کیا گیا ہے جب لوگوں کو بجلی ملتی ہی نہیں، بجلی کی قیمتوں
میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ظالمانہ اضافہ فوری واپس
لیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال، ملتان، ساہیوال اور اوکاڑہ سے آئے
ہوئے عوامی تحریک کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیف اللہ سدوزئی، ڈاکٹر زبیر خان، راؤ عارف رضوی، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہریوں کو بنیادی سہولیات زندگی میسر نہیں ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم، صحت، روزگار سے محروم ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام اکیسویں صدی میں بھی تعلیم و صحت، پانی وبجلی اور روزگار کی سہولت سے محروم ہیں، ملتان میں میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کی ڈیمانڈ پر نہیں بلکہ حکمرانوں کی ضد پر بنایا گیا۔ 28 ارب روپے سے پورے جنوبی پنجاب میں ہزاروں کلو میٹر سرکیں بن سکتی ہیں، صحت کے مراکز قائم کیے جا سکتے تھے سکولوں اور کالجوں کو بنیادی سہولتیں اور اساتذہ مہیا کیے جا سکتے تھے لیکن تخت لاہور کے بادشاہوں نے ترقی کا الگ معیار بنارکھا ہے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ حکمران بتائیں میٹرو بس ملتان کا مظفر گڑھ، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر اور لیہ کے عوام کو کیا فائدہ ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے عوام دل کے امراض سمیت معمولی ٹیسٹوں کیلئے بھی چھ چھ ماہ ہسپتالوں میں خوار ہوتے ہیں، جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر دو دو تین تین مریض لٹائے جاتے ہیں، اسی فیصد آبادی ناقص پانی پینے پر مجبور ہے، ہیپاٹائٹس کے مرض میں اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ نااہل وزیراعلیٰ صاف پانی کا منصوبہ کرپشن کی وجہ سے ختم کر دیتے ہیں جبکہ میٹرو جیسے منصوبے کو ہر حال میں مکمل کیا جاتا ہے۔ شریف برادران نے ایسے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرتے ہیں جس سے ان کا کمیشن بنے اور عام آدمی کو فائدہ نہ پہنچے۔
تبصرہ