جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ شائع ہونے کی راہ میں پنجاب حکومت بڑی رکاوٹ ہے: خرم نواز گنڈاپور
شریف برادران قانون کو قانون سمجھتے ہی نہیں، دونوں بھائی ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں: عوامی تحریک
لاہور (24 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ شائع ہونے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پنجاب حکومت ہے۔ پنجاب حکومت کے وکیل ہفتے میں ایک بار تاخیر سے آتے ہیں اور اگلی تاریخ لے کر چلے جاتے ہیں۔ حکمران خائن اور بد معاش ہیں۔ آپ سالوں الٹے لٹک جائیں تو ان بدمعاش حکمرانوں کا بال بھی بیکا نہیں کیا جا سکتا۔ جب تک انکی حکومت ہے انکا احتساب مشکل ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء تین سالوں سے انصاف کیلئے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک ہونے کے منتظر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کے وکلاء سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
عوامی تحریک کے وکلاء نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے سیکرٹری جنرل عوامی تحریک کو لاہور ہائیکورٹ کی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس قاضی محمد امین نے درخواستوں پر سماعت کی۔ حکومتی وکیل تاخیر سے آئے، عدالتی وقت ہونے کی وجہ سے عدالت نے سماعت اگلے روز تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے وکیل کو اپنے دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی، عوامی تحریک کے وکلاء نے کہا کہ حکومتی وکیل جان بوجھ کرمعاملہ کو طول دے رہے ہیں اور حیلوں بہانوں سے تاریخ پر تاریخ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کوپورا کرنے کیلئے ہر روز سماعت کے وعدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ شائع کی جائے تا کہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حکمران قانون اور آئین کو مانتے ہی نہیں۔ جسٹس باقر نجفی رپورٹ شائع ہونے میں حکمران رکاوٹ ہیں اور مقدمے کو طول دینے کیلئے ان حکمرانوں کے پاس ہزاروں ہتھکنڈے ہیں۔ حکمران احتساب کو برباد، اداروں کو بدنام اور ملکی معیشت کو تباہ کر رہے ہیں۔ شریف برادران قانون کو قانون سمجھتے ہی نہیں، دونوں بھائی ملکی سا لمیت کیلئے خطرہ ہیں۔ حکمران غیر آئینی، غیر قانونی، غیر اخلاقی اور دہشتگرد سیاست سے ملکی سلامتی کے اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
تبصرہ