تین سال سے انصاف مانگ رہے ہیں مگر قانون ہاتھ میں نہیں لیا: خرم نواز گنڈا پور
اس وقت احتساب عدالت میں اشرافیہ کی طرف سے کی جانیوالی غنڈہ گردی بڑا ایشو ہے: سیکرٹری جنرل
ماڈل ٹاؤن میں خواتین کو گولیاں مارنے والی پولیس کی اسلام آباد میں غیرت کہاں گئی؟
لاہور (14 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ اس وقت احتساب عدالت میں اشرافیہ کی طرف سے کی جانیوالی غنڈہ گردی بڑا ایشو ہے۔ شریف خاندان اور انکے حواری نا ن ایشوز میں پوری قوم کو الجھا کر کرپشن کیسز کو پس منظر میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ آئی ایس پی آر جھوٹے اور خائن حکمرانوں کی ہرزہ سرائی کا نوٹس لے کر وقت ضائع نہ کرے۔ لٹیروں سے قوم خود نمٹ لے گی۔ یہ ڈاکو فوج کو متنازعہ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں اور پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں خواتین کے چہروں پر گولیاں مارنے والے پولیس افسران تھپڑ کھا رہے ہیں، اسلام آباد میں ان کی غیرت کہاں چلی گئی؟ وفاقی وزیر کے رشتہ دار نے پولیس افسر کو تھپڑ مارا اسے موقع پر گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ رینجر ز کو اسی مقصد کیلئے متنازعہ بنا کر احتساب عدالت کی سیکیورٹی سے الگ کیا گیا تا کہ یہ اپنے گھناؤنے کھیل کو بلا روک ٹوک جاری رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متنبہ کر رہے ہیں کہ آئندہ پیشیوں میں مزید غنڈہ گردی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے انصاف کیلئے ساڑھے تین سال سے عدالتوں میں دھکے کھا رہے ہیں مگر آج تک قانون ہاتھ میں نہیں لیا اور نہ ہی عدلیہ کے وقار کے خلاف کوئی بات کی۔ ہمیں حیرت ہے کہ کرپٹ اشرافیہ، فوج اور عدلیہ کے خلاف دن رات پراپیگنڈے میں مصروف ہے مگر ریاستی قانون حرکت میں نہیں آ رہا۔
تبصرہ