حکمران ختم نبوت کے طے شدہ معاملہ کو اپنی گندی سیاست سے دور رکھیں: خرم نواز گنڈاپور
نا اہل ٹولہ عوام کی توجہ اپنی کرپشن سے ہٹانے کیلئے نان ایشوز کو ہوا دے رہا ہے : سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (11 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکومت ختم نبوت کے آئینی اعتبار سے طے شدہ معاملہ کو اپنی گندی سیاست سے دور رکھے۔ نا اہل ٹولہ کرپشن ریفرنسز کے فیصلوں اور یقینی سزاؤں سے بچنے کیلئے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے اور عوام کی توجہ نان ایشوز پر مرکوز کرنا چاہتا ہے، منظم منصوبہ بندی کے تحت 1973 کے آئین میں سیٹل ہونے والے احمدیوں و قادیانیوں کے مسئلہ کو ہوا دی جا رہی ہے جو قابل مذمت رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گندے کھیل کی ابتدا ختم نبوت کے حوالے سے بیان حلفی میں تبدیلی سے کی گئی۔ شدید ردعمل آنے پر حکومت کو پرانا حلف نامہ بحال کرنا پڑا۔ اب حکمران خاندان کے افراد اسمبلی میں کھڑے ہو کر کبھی قادیانیوں کو فوج سے نکالنے اور کبھی از سر نو عدلیہ اور فوج میں ختم نبوت کا حلف لینے کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔ اس حل شدہ مسئلہ کواٹھانا شیطانی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، حکومت اور اسکے حواری آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا صوبائی وزیر قانون جس کے دہشتگرد اور کالعدم تنظیموں سے روابط کسی سے ڈھکے چھپے نہیں وہ غیر محسوس طریقے سے حکومت کی طرف عوام کو پیغام دے رہا ہے کہ احمدی عقائد، نماز، روزہ پر عمل کرتے ہیں۔ مساجد بناتے ہیں، اذانیں دیتے ہیں۔ حکومتی حلقوں کی طرف سے باور کراوایا جا رہا ہے کہ قادیانی مسلمانوں کی ہی طرح کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل لیگ عوامی توجہ ہٹانے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتی ہے تاہم انہیں خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ ختم نبوت کے طے شدہ معاملہ کو اپنی گندی سیاست سے دور رکھے۔
تبصرہ