اشرافیہ کی کرپشن پر جو لب کھولتا ہے غائب کر دیا جاتا ہے : عوامی تحریک پنجاب
میٹرو بس ملتان پروجیکٹ میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو غائب کر دیا گیا
جعل سازی کرنیوالے ظفر حجازی محفوظ اورڈار کیخلاف گواہی دینے والا برطرف ہو گیا
ریاست کرپشن کے خلاف گواہ بننے والوں کے جان، مال، عزت، روزگار کا تحفظ کرے
لٹیرے اس بار بچ گئے تو پھر کرپشن کا خاتمہ محض خواب رہے گا: بشارت جسپال/ فیاض وڑائچ
لاہور (6 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے
کہا ہے کہ میٹرو بس ملتان پروجیکٹ میں 1 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی کرپشن بے نقاب کرنے
والی چینی کمپنی کے ڈائریکٹر اعجاز اصغر لاپتہ کر دئیے گئے، انہیں ایف آئی اے نے
تفتیش کے نام پر اٹھایا اور پھر غائب کر دیا۔ مذکورہ ڈائریکٹر نے انکشاف کیا تھا کہ
یہ رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے مختلف ممالک سے چین پہنچائی گئی اور یہ رقم شہباز شریف
اور اس کے فرنٹ مینوں نے وصول کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے اور آئی
جی اسلام آباد سے 18 اکتوبر کو اس کی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
بشارت جسپال نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن ہو یا شہباز شریف کی جو بھی انکشاف کرتا ہے دھر لیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے سسیلین مافیا اور گاڈ فادر کے درست القابات دئیے۔ نواز شریف کی کرپشن بے نقاب کرنے پر سپریم کورٹ کے ججز کو کھلی دھمکیاں دی گئیں۔ کرپٹ مافیا جس انداز سے عدلیہ اور سلامتی کے اداروں کو ٹارگٹ کررہا ہے کوئی عام ملزم اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ اشرافیہ ایک خطرناک مافیا کا روپ دھار چکی ہے، اس کی جڑیں کاٹنا ناگزیر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ اور ممبرز کو تحقیقات کے دوران ان پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کی کھلے عام دھمکیاں دی گئیں۔
جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ نواز شریف کی ملوں کیلئے کاغذات میں ردوبدل کرنے والے سکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے سربراہ ظفر حجازی کو ہر طرح سے تحفظ دیا جارہا ہے اور اسحاق ڈار کیخلاف گواہی دینے والے نادرا کے افسر کو نوکری سے نکال دیا گیا۔ کیا ریاست اتنی کمزور ہے کہ وہ ریاست کی مدد کرنے والے محب وطن شہریوں کے جان و مال، عزت اور روزگار کا تحفظ نہیں کر سکتی؟ سپریم کورٹ نے مافیا کے خلاف جو تاریخ ساز فیصلہ دیا ہے اس پر پاکستان کے پڑھے لکھے محب وطن حلقے انتہائی خوش ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اشرافیہ کی کرپشن کو بے نقاب کرنے والے گواہان کو ہر طرح کا تحفظ دیا جائے اور کرپشن کے خلاف جاری حالیہ جنگ کو فیصلہ کن جنگ میں تبدیل کیا جائے۔ اگر لٹیرے اس بار بچ گئے تو پھر پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا محض ایک خواب رہ جائیگا۔
تبصرہ