حکومت مظلوموں کو انصاف دینے کی بجائے رکاوٹ بنی ہوئی ہے : عوامی تحریک
عدالت کاوقت ضائع کرنے کی بجائے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کی جائے
لندن میں فٹ پاتھوں پر رلنے والے پاکستان آتے ہی مغل شہنشاہ بن جاتے ہیں
لاہور (02 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وقت اور قومی پیسہ برباد کرنے کی بجائے بلاتاخیر جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے حوالے کرے۔ شہباز حکومت نے شہدا کے ورثا کو انصاف دینے کی بجائے ان کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے، حکومتیں انصاف کی فراہمی کیلئے قائم ہوتی ہیں، رکاوٹ بننے کیلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری وکلاء جہازوں پر تاریخیں بھگتنے آ رہے ہیں، پانامہ کیس میں بھی ذاتی کیس قومی دولت کے ذریعے لڑا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں بھی قومی دولت ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کان کھول کر سن لیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کا حساب لئے بغیر عوامی تحریک کے رہنما و کارکن چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عوامی تحریک کے وکلاء نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، محمد ناصر ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈوکیٹ نے کہا کہ سرکاری وکلاء کے پاس کہنے کیلئے کچھ نہیں یہ عدالتوں کا وقت ضائع کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ سنگل بنچ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمشن کی رپورٹ پبلک کریں اور انصاف کے عمل کو آگے بڑھنے دیں۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ لندن کے فٹ پاتھوں پر رلنے والے پاکستان آتے ہی مغل شہنشاہ بن جاتے ہیں۔ شریف خاندان پاکستان کے 20کروڑ عوام کو غلام، مزارع اور ہاری سمجھتا ہے۔ لندن میں 25پاؤنڈ یومیہ پر گارڈ نہ رکھنے والے پاکستان میں قومی خزانے سے سیکیورٹی اور پروٹوکول کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی نئے این آر او کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کو کرپشن سے پاک دیکھنے والے محب وطن عوامی حلقوں میں تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ اس بار قومی لٹیروں کو این آر او نہیں ملے گا اگر اس بار لٹیرے بچ گئے تو پھر کبھی بڑے چوروں کا ادارے احتساب نہیں کر سکیں گے۔
تبصرہ