حق کیلئے قربان ہونے والے تاریخ میں امر ہو جاتے ہیں: منہاج القرآن لاہور
واقعہ کربلا شخصی آمریت کے خلاف اعلان جنگ ہے: حافظ غلام فرید
ڈاکٹر طاہرالقادری 9 محرم کو پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کریں گے
لاہور (28 ستمبر 2017) تحریک منہاج القرآن کے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ حق کیلئے قربان ہونے والے تاریخ میں امر ہو جاتے ہیں۔ واقعہ کربلا شخصی آمریت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ ظلم کے خاتمے کیلئے حسینی فکر کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ واقعہ کربلا میں سر اٹھا کر جینے کے کئی اسباق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 9 محرم الحرام بروز ہفتہ مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کا نفرنس‘‘ سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں مختلف مکتب فکر کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس ‘‘کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، ناظم منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، حنیف قادری، ثناء اللہ خان، رمضان ایوبی، اصغر جاوید، حافظ صفدر علی، ریحان چوہدری، حاجی اختر، میاں افتخار و دیگر بھی شریک تھے۔
حافظ غلام فرید نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر و برداشت اور حق کی خاطر قربانی کا درس دیتا ہے۔ مصائب و مشکلات کے خاتمے کیلئے حضرت امام حسین علیہ السلام کے ذکر اور فکر پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ واقعہ کربلا عظمت اسلام کی بے مثال داستان ہے جس سے رہتی دنیا تک اہل ایمان درس حاصل کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی چاہیے کہ ظالم کے مقابلے میں آواز اٹھانے والے مظلوم کا ساتھ دیں۔ جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنے والے کا ساتھ دیں۔ یزیدی کرداروں کے خاتمے کیلئے کوشش کریں، حسینی علیہ السلام کردار کو فروغ دینے کیلئے کوشاں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل بیت کی عظمت کے ترانے قیامت تک گونجتے رہیں گے، کردار حضرت امام حسین علیہ السلام کو روشناس کروا کر یزیدیت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، اہل بیت کی محبت ذریعہ نجات اور بلندی درجات کا سبب ہے۔ عظمت اہل بیت قرآن و حدیث کا مرکزی عنوان ہے۔
تبصرہ