مریم صفدر اور ان کے بہن بھائی احتساب عدالت میں پیش ہوں: عوامی تحریک ویمن لیگ
بہت جلد مریم ٹویٹ کریگی نواز شریف 10 سال لندن رہیں گے، روک
سکتے ہو تو روک لو: فرح ناز
شریف خاندان کو ماڈل ٹاؤن میں ظلم کرنے کی سزا مل رہی ہے: افنان بابر، عائشہ مبشر
لاہور (28 ستمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ بہت جلد مریم صفدر ٹویٹ کریں گی کہ نواز شریف دس سال لندن رہیں گے روک سکتے ہو تو روک لو۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم صفدراور ان کے بہن بھائی احتساب عدالت میں پیش ہوں اور ناجائز اثاثوں کا جواب دیں کیونکہ پاکستان کے کروڑوں بہن بھائیوں کی دولت لوٹی گئی ہے اور انشاء اللہ اب پائی پائی کا حساب ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری برسراقتدار ہوتے تو لٹیرے سب کچھ خزانے میں جمع کروا کر جان بخشی کی اپیلیں کررہے ہوتے۔ اس موقع پر افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، آمنہ بتول و دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔
فرح ناز نے کہا کہ شریف خاندان کو ماڈل ٹاؤن میں ظلم کرنے کی سزا مل رہی ہے۔ مریم صفدر، حسن، حسین کے وارنٹ گرفتاری بذریعہ سفارتخانہ لندن پہنچ رہے ہیں، غریب عوام کا مال لوٹنے والوں کی خاک پوری دنیا میں اڑ رہی ہے۔ اسے قدرت کا انتقام کہتے ہیں۔ یہ خاندان خود کو احتساب سے بالا سمجھتا تھا آج ان کے وارنٹ نکل رہے ہیں اور سرخیاں چھپ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا وہی انجام ہو گا جو عوام دشمن بادشاہوں کا تاریخ میں ہم پڑھتے چلے آرہے ہیں اور جن کا آج کوئی نام لیوا بھی نہیں ہے۔ جو شخص بھی اپنے ملک اور قوم سے دھوکہ کرتا ہے سزا سے نہیں بچتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی آغاز ہوا ہے انتہا باقی ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ شریف برادران نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جو ظلم کیا قوم کی بیٹیوں پر جس طرح گولیاں چلائیں اور یزیدی قوت کا مظاہرہ کیا آج اس کا یوم حساب آ پہنچا ہے۔ بہت جلد جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہو گی اور قاتلوں کو منہ چھپانے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔ افنان بابر نے کہا کہ قتل، جرم فراڈ کے فیصلے عوام نہیں قانون کی عدالت کرتی ہے۔ عوام کی عدالت کے ڈراوے دینے والے سب سے بڑے عوام کے دشمن ہیں۔ عوام کی عدالت سے تو چور، جھوٹے، فراڈیے، خائن اور جعلی ڈگریوں والے بھی منتخب ہوتے رہتے ہیں۔ جس دن عوام کو ووٹ کے استعمال کا آزادانہ حق ملا اور الیکشن کمیشن آئین کے مطابق کردار ادا کرنے کے قابل ہوا تو اشرافیہ کی ضمانتیں ضبط ہونگی اور پھر یہ عوام کی عدالت کا نام بھی نہیں لیں گے۔ عوام کی موجودہ عدالت Sold ہے۔
تبصرہ