ڈاکٹر طاہرالقادری 9 محرم کو پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کرینگے
کانفرنس میں مختلف مکتبِ فکرسے تعلق رکھنے والے علمائے کرام شرکت کرینگے
لاہور (27 ستمبر2017) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انٹر نیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 9 محرم الحرام کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘سے خطاب کریں گے۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام ’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ 9محرم الحرام (ہفتہ) مرکزی سیکرٹریٹ 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن لاہورمیں منعقد ہو گی۔ ملک بھر سے مختلف مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام و مشائخ عظام کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں 300 سے زائد مقامات پر ’’پیغام امام حسین علیہ السلام ‘‘ کے عنوان سے کانفرنسز منعقد ہوں گی جن میں تحریک منہاج القرآن کے سکالرز فلسفہء شہادت امام حسین علیہ السلام اور شان اہل بیت اطہار پر روشنی ڈالیں گے۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلی علامہ سید فرحت حسین شاہ نے منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام واہگہ ٹاؤن میں فلسفہء شہادت امام حسین علیہ السلام کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدان کربلا میں معرکہ حق وباطل نے ہرعہد، ہر زمانے، ہر ملک و تہذیب کو اپنے ثمرات سے مستفید کیا، شہادت امام حسین علیہ السلام ہر دور میں انسانیت کے لیے سبق آموز ہے۔ ظلم، جبر، ناانصافی، لادینیت، عہد شکنی کے مقابلے میں شہادت امام حسین علیہ السلام آزادی وحریت، سچائی، عزم وہمت، عدل و انصاف، استقامت، عظمت کردار اور مظلوموں کی فتح کا نشان بن کر سامنے آتی ہے۔ حسینیت عدل وانصاف کا نام ہے اور ظلم سے نجات کے لیے جدوجہد کرنیوالے حسینی کہلاتے ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ آج اگر ہم ترقی اور عزت چاہتے ہیں تو شعارِ حسینی اپنانا ہوگا۔ کربلا میں نواسہء رسول ایسا انقلاب لائے جس نے سسکتی ہوئی انسانیت کوسر اٹھا کرجینا سکھا دیا۔ انسانی تاریخ کے سب سے بڑے شجاع نے میدان کربلا میں صبر کو قوت بنا کر یزیدیت کو ہمیشہ کے لیے ملامت اور ندامت کا نشان بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزیدی نظام کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔ مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا اعلیٰ عبادت ہے اور یہی پیغام کربلا ہے، اس وقت 20 کروڑ پاکستانی عوام ظلم و بربریت، سیاسی و معاشی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ ملک و قوم پر ظالم اور جابر حکمران مسلط ہیں۔ قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہوں نے اس ظالم نظام کے ساتھ چلنا ہے یا حضرت امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلنا ہے۔ پاکستانی عوام کو اس ظالمانہ نظام سے نجات حاصل کرنے کیلئے متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہو گی۔
تبصرہ