عوامی تحریک لاہور کے راہنماؤں کا این۔ اے 120 کا دورہ، کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب
عوامی تحریک کے کارکن ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت میں متحرک ہیں: راہنما عوامی تحریک
17 ستمبر کو ہر پولنگ سٹیشن پر عوامی تحریک کے کارکن موجود ہوں گے اور ڈیوٹی دیں گے
عوامی تحریک کے کارکنان نے انتخابی دفاتر قائم کر دیئے ہیں، الیکشن ڈے کی حکمت عملی بھی مکمل تیار کر لی ہے
17 ستمبر ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو شکست ہوگی:چوہدری افضل گجر اور حافظ غلام فریدکا مختلف اجتماعات سے خطاب
لاہور (15 ستمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر اور منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے حلقہ این۔ اے 120 کے مختلف اہم علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ دونوں راہنماؤں نے ٹاؤن و یونین کونسل سطح کے عہدیداران سے ملاقات کی اورانتخابی کارنرمیٹنگز سے خطابات کئے۔ این۔ اے 120 چوہان پارک، ساندہ، امین پارک، مزنگ اور پی پی 139-140 میں کارکنوں کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری افضل گجر نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام این۔ اے 120 کی ہر گلی، ہر محلے اور ہر گھر تک پہنچ چکا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ مظلوم عوام اپنے حقوق کے لیے اپنے نمائندے خود چنے، عوامی تحریک کی جنگ قاتلوں، چوروں، موروثی اور جاگیردارانہ سیاسی نظام کے خلاف ہے۔ عوام 17 ستمبر کو جرات و بہادری کے ساتھ گھروں سے نکلیں اور کرپٹ عناصر کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں، 17 ستمبر ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کی شکست کا دن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت میں کارکن متحرک ہو چکے ہیں۔ پورے حلقے میں عوامی تحریک کے کارکنان نے انتخابی دفاتر قائم کر دیئے ہیں اور الیکشن ڈے کی حکمت عملی بھی مکمل تیار کر لی ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو ووٹ بھی دیں گے اور 17 ستمبر کو ہمارے کارکن ان کے پولنگ ایجنٹ بھی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این۔ اے 120کے کارکنوں سے مکمل رابطے میں ہیں اور لمحہ لمحہ کی رپورٹ لے رہے ہیں۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے امیرحافظ غلام فرید نے کہا کہ 17 ستمبر کو ہر پولنگ سٹیشن پر عوامی تحریک کے کارکن موجود ہوں گے اور ڈیوٹی دیں گے۔ ووٹرز کو گھروں سے لانے کے لیے بھی گروپس بنا دیئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں، فوج اور ملک دشمنوں سے مقابلہ ہوگا۔ داتا علی ہجویری کے دیوانے 17 ستمبر کودہشتگردوں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو شکست دیں گے۔
انتخابی کارنر میٹنگز سے عرفان افضل ایڈووکیٹ، رانا منظور احمد، شیخ جاوید، ملک مختار احمد، اشتیاق حنیف مغل، محمد حنیف قادری، چوہدری محمد اقبال، حاجی فرحت خان، یونس نوشاہی، آمنہ بتول نے بھی خطاب کیا۔
حافظ غلام فرید نے کہا کہ این۔ اے 120 کی عوام 17 ستمبر کو عوامی تحریک کی حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتخابی نشان پرمہر لگائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے این۔ اے 120 کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ صحت، روزگار، سیوریج سسٹم، صاف پانی جیسی سہولیات سے این۔ اے 120 کے عوام ناآشنا ہیں۔ سیاسی شعبدہ بازوں ہمیشہ کامیابی کے بعد یہاں کے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ این۔ اے 120 کے غیور عوام 17 ستمبر کو ڈاکٹر یاسمین راشد کا ساتھ دیکر حقیقی تبدیلی کا پیغام دیں گے۔
تبصرہ