ماسٹر آف رگنگ ن لیگ کو NA-120 میں شکست دیں گے: جہانگیرترین/ خرم نوازگنڈا پور
لاہور کے عوام بدعنوان اور ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے چہرے پہچان
چکے ہیں: عبد العلیم خان
عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے راہنماؤں کی ملاقات، حمایت پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا
شکریہ ادا کیا
لاہور (13 ستمبر 2017) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر راہنما جہانگیر ترین اور عبد العلیم خان نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور NA-120 میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، جہانگیر ترین نے عوامی تحریک کے کارکنان کی طرف سے انتخابی مہم میں بھرپور شرکت پر سربراہ عوامی تحریک کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارا سامنا حکومتی مشینری اور کالے دھن سے ہے، تاہم لاہور کے عوام بدعنوان عناصر اور ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے چہرے پہچان چکے ہیں، ماسٹر آف رگنگ ن لیگ کو عوام متحد ہو کر شکست دیں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے PTI کے راہنماؤں کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے ہمارا سیاسی اختلاف نہیں دشمنی ہے، کیونکہ انہوں نے ہمارے کارکنوں کو قتل کیا ہے، NA-120 میں ہمارے کارکن پولنگ ایجنٹ بھی بنیں گے، ن لیگ دکھاوے کے لیے کارنر میٹنگ کرتی ہے اصل میں یہ لوگ ریاستی مشینری اور جعل سازی سے اپنی ہار کو جیت میں بدلتے ہیں، دنوں جماعتوں کے راہنماؤں کو دھاندلی کی ایکسپرٹ ن لیگ کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ NA-120 کی عوام کھوکھلے اعلانات پر یقین نہ کریں صرف اس بات پر غور کریں کیا اس حلقہ میں وہی سہولتیں اور ترقی ہے جو جاتی امرا میں ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عدلیہ کو گالیاں دینے والوں کا عوام ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں۔
عبد العلیم خان نے کہا کہ قانون کی عدالت سے شکست کھانیوالے عوام کی عدالت سے بھی دھتکارے جائیں گے۔ شریف خاندان کی سیاسی فلم ’’ختم شد‘‘ کی طرف رواں دواں ہے۔ جتنا عبرتناک انجام اس خاندان کا ہوا ماضی میں کسی کا نہیں ہوا۔
تبصرہ