حکمران زبان اور حرکتوں سے ہارے ہوئے کھلاڑی نظر آتے ہیں: فیاض وڑائچ
شریف برادران اپنی کرپشن اور نااہلیت کو چھپانے کے لیے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں
ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ مردوخواتین کو شہید کرنیوالے کبھی سزا سے نہیں بچ سکیں گے
عوامی تحریک کی جدوجہدحقیقی جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالا دستی کے لیے ہے
پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (9ستمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی راہنما فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ حکمران کردار، زبان اور حرکتوں سے ہارے ہوئے کھلاڑی نظر آتے ہیں، پوری قوم چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے ’’گو نواز نواز‘‘، ’’گو شہباز گو‘‘ اس لئے حکمرانوں کے برسر اقتدار رہنے کا اخلاقی جواز بھی باقی نہیں رہا، لیکن نا اہل، ناکام، قاتل، مسترد شدہ اور جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئے شریف برادران اپنی کرپشن اور نااہلیت کو چھپانے کے لیے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ شریف برادران کی ہٹ دھرمی اور حقیقت سے چشم پوشی پرپوری قوم عذاب میں مبتلا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن سمیت کسی بھی مقدمے کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہدحقیقی جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالا دستی کے لیے ہے۔ حکمران اپنے ظلم، کرپشن اور نااہلیت چھپانے کے لیے سیاسی بحران پیدا کر رہے ہیں لیکن سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوام کو اتنا شعور دے دیا ہے کہ اب پاکستان کے عوام حکمرانوں کی سیاسی چال بازیوں میں نہیں آئیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد آئینی، جمہوری اور قانون کے دائرے میں ہے۔ کروڑوں غریبوں کے حقوق کے لیے کی جانی والی جدوجہد بہت جلد رنگ لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عارف چوہدری، مشتاق نوناری، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد محمود، راجہ ندیم، چوہدری افضل گجر، حافط غلام فرید، میاں افتخار ودیگر بھی موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اقدامات گواہی دے رہے ہیں کہ ان کے اقتدار کا سورج غروب ہونیوالا ہے۔ حکمرانوں نے آئین قانون اور جمہوریت کے پرخچے اڑائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا قصاص لیا جائے گا، سیاسی بدمعاشی، دہشتگردی، ظلم اور جبر کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی جوڈیشل رپورٹ کو فوری پبلک کیا جائے۔ ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشتگردی کر کے بے گناہ مردوخواتین کو شہید کرنیوالے کبھی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ قاتلوں اور لٹیروں کی منزل پھانسی کا پھندا اور جیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکن اپنے حوصلے بلند رکھیں۔ 98 فیصد عوام کے حقوق پر قابض چوروں اور لٹیروں سے جان چھوٹنے والی ہے۔ قائداعظم کے پاکستان کو جلد قاتلوں، لٹیروں اور دہشتگردوں سے آزاد کرا لیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون 2014 کو عوامی تحریک کے کارکنوں نے جرآت وبہادری کے ساتھ ظلم و جبر کا مقابلہ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔
تبصرہ