ہمیں افواج پاکستان کے جذبہ شہادت سے سرشار جوانوں پر فخر ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
9 سوارب روپے بجٹ والی پاک فوج کی کارکردگی سو ارب ڈالر بجٹ والی افواج سے زیادہ ہے
جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے فوج، سویلین اداروں اور عوام کو شانہ بشانہ چلنا ہو گا
پاکستان کی بقاء واستحکام کے لیے کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کو توڑا جائے، گفتگو
لاہور (6ستمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 6 ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں، کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں افواج پاکستان کے جذبہ شہادت سے سرشار افسروں، جوانوں کی حب الوطنی اور قربانیوں پر فخر ہے۔ 9 سو ارب روپے بجٹ والی پاک فوج کی کارکردگی سو ارب ڈالر سالانہ بجٹ رکھنے والی افواج سے زیادہ ہے۔ تھوڑے وسائل میں شاندار کارکردگی دنیا کے کسی اور ملک کی فوج میں نظر نہیں آتی، جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے فوج، سویلین اداروں اور عوام کو شانہ بشانہ چلنا ہو گا۔ پاکستان کی بقاء واستحکام کے لیے کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کو توڑا جائے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے جغرافیائی سرحدوں کے جرآت مندانہ دفاع، دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن اور عالمی امن کے قیام کیلئے بے مثال کارکردگی دکھائی، اس شاندار کارکردگی کا سہرا شہداء کے سر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگ ستمبر کے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک کے چپے چپے کا دفاع کیا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ افواج پاکستان کے جری اور بہادر افسران اور جوانوں کے جذبہ شہادت کے سامنے بدی کی قوتیں کھڑاہونے کی جرآت نہیں رکھتیں، ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا، اس کی بقاء اور استحکام بھی قربانیوں کی متقاضی ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی ہدایت پر عوامی تحریک کے وفد نے بدھ کو میجر شبیر شریف شہید اور باٹا پور میں قائم شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس وقت دہشت گردی کی وجہ سے جغرافیائی اور نظریاتی سرحدیں دونوں شدید خطرے میں ہیں۔ خوارج دہشتگردوں کے روپ میں اپنے باطل نظریات مسلط کرنے کیلئے جغرافیائی و نظریاتی حدود پامال کررہے ہیں، خوف اور دہشت کے ذریعے وہ اپنے مذموم انسانیت دشمن ایجنڈے کا نفاذ چاہتے ہیں، فی الوقت ایٹمی پاکستان ان کے ٹارگٹ پر ہے، ان شاءاللہ تعالیٰ 20 کروڑ محب وطن اور دہشت گردی سے نفرت کرنے والے عوام افواج پاکستان کے ساتھ مل کر انسانیت کے دشمنوں کو ان کے باطل نظریات سمیت ختم کر کے دم لیں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے 5 ہزار 4 سو 40 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور انسانیت اور امن کے دشمنوں کیلئے پاکستان کی زمین کو قبرستان میں تبدیل کر دیا، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان میں جو نکات تجویز کیے گئے ہیں ان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔
تبصرہ