وزیر اعلیٰ پنجاب میٹرو ملتان منصوبے میں کروڑوں ڈالر کمیشن لینے کا جواب دیں: عوامی تحریک
معاملہ کی تحقیقات کیلئے پانامہ جیسی جے آئی ٹی بنائی جائے، صدر جنوبی پنجاب کا مطالبہ
چینی ریگولیٹری ادارے کی طرف سے کمیشن لینے کا انکشاف انتہائی سنگین معاملہ ہے
ملتان کے عوام کی مخالفت کے باوجود وزیر اعلیٰ میٹرو منصوبہ پر بضد کیوں تھے؟ فیاض وڑائچ
بات بات پر ہتک عزت کے نوٹس بھیجنے والے شہباز شریف انکشاف پرخاموش کیوں؟
لاہور (29 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میٹرو ملتان منصوبے میں کروڑوں ڈالر کمیشن لینے کا جواب دیں۔ معاملہ کی تحقیقات کیلئے پانامہ جیسی جے آئی ٹی بننی چاہیے، چینی ریگولیٹری ادارے کی طرف سے کمیشن لینے کا انکشاف انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ حیرت ہے بات بات پر ہتک عزت کے نوٹس بھیجنے والے شہباز شریف اس انکشاف پر کئی روز سے خاموش ہیں۔ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں بھی سبحان اللہ نکلے۔ وہ منگل کو مرکزی سیکرٹریٹ میں این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ چینی ریگولیٹری ادارے سی ایس آر سی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ میاں شہباز شریف میٹرو ملتان منصوبے میں ایک کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رقم دبئی، ماریشس اور دیگر ممالک کے ذریعے چین بھجوائی گئی۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ یہ کیس نیا نہیں ہے بلکہ چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کے علم میں تھا مگر انہوں نے اس معاملے کو دبائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو منصوبے کی ملتان کے عوام سمیت ن لیگ کے رزق حلال کھانے والے ایم این ایز نے بھی اس منصوبے کی مخالفت کی تھی مگر وزیر اعلیٰ پنجاب اسے مکمل کرنے پر بضد تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انکشاف بھی تحقیق طلب ہے کہ آیا جس کمپنی نے میٹرو ملتان منصوبہ مکمل کیا وہ کمپنی قانون کے مطابق رجسٹرڈ تھی؟ فیاض وڑائچ نے کہا کہ میٹرو لاہور منصوبے میں بھی کرپشن کے واقعات سامنے آئے تھے اور جب نیب نے انکوائری کا آغاز کیا تو ایل ڈی اے کے دفتر میں ٹھیک اسی کمرے میں آگ لگی جہاں میٹرو لاہور کا ریکارڈ لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ دو تین نہیں یہ سارا ٹبر ہی چور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک قاتل اعلیٰ کی کرپشن کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔
تبصرہ