عوامی تحریک کا این اے 120 میں تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے بعد فیصلہ کیا
مافیا کا مقابلہ اتحاد سے کرنا ہو گا:جی ایم ملک، انتخابی مہم میں شریک ہوں گا: اشتیاق چودھری
میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری، یاسمین راشد، عندلیب عباس نے حمایت پر شکریہ ادا کیا
لاہور (25 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار حلقہ این اے 120 اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، اس ضمن میں تحریک انصاف کے رہنما اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عندلیب عباس عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آئے جہاں انہوں نے حمایت کی درخواست کی عوامی تحریک کی طرف سے سینئر رہنماؤں جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، ساجد محمود بھٹی، راجہ زاہد، جواد حامد، صدر لاہور چودھری افضل گجر، عارف چودھری، حافظ غلام فرید، راجہ ندیم نے ملاقات کی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے حمایت کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری، عوامی تحریک کے رہنماؤں اور امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کا شکریہ اداکیا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کا بہت نقصان کیا ہے، آج تک کسی ملک نے کھلی دھمکیاں نہیں دیں جیسے آج دی جارہی ہیں، ن لیگ کرپٹ جماعت ہے۔ ن لیگ کے برسراقتدار ہوتے ہوئے پاکستان پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔
جی ایم ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں سپریم کورٹ نے مافیا اور نااہل قرار دیا ان کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور لوٹ مار کے خاتمہ کے حوالے سے ہماری ہم آہنگی رہی ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر حمایت کا اعلان کیا، جی ایم ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار کی بھرپور حمایت کرینگے، اس موقع پر انہوں نے انتخابی مہم چلانے کیلئے صدر لاہور افضل گجر کی قیادت میں کمیٹی کا اعلان بھی کیا۔
اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی جماعت اور قیادت کے حکم کا پابند ہوں جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کرنی ہے، میں دستبردار ہونے کے اعلان کے ساتھ یہ یقین بھی دلاتا ہوں کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم اپنی انتخابی مہم کی طرح چلاؤں گا، ڈور ٹو ڈور جائینگے اور ان شاء اللہ مافیا کی جماعت کو شکست دینگے۔
اس موقع پر شوکت علی چودھری سیکرٹری جنرل پاکستان مزدور محاذ، فضل واحد صدرآل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن نے بھی عوامی تحریک کی طرف سے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان کیا۔ حمایت کے اعلان پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی عوامی تحریک کی قیادت، کارکنان اور دستبردار امیدوار اشتیاق چودھری کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ