پاکستان پر دہشتگردی کے الزام پر حکمران خاموش کیوں ہیں؟ بشارت جسپال
پاکستان کے مفاد کے دفاع کی بجائے حکمران نا اہل وزیر اعظم کی کرپشن کے دفاع میں مصروف ہیں
نصاب سے دینی مواد خارج کرنیکی سازش کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے، اجلاس میں مطالبہ
لاہور
(24 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ پاکستان پر
دہشتگردی کے الزام پر حکمران خاموش کیوں ہیں؟دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری دنیا کی
قربانیاں ایک طرف پاکستان کی ایک طرف ہیں۔ افواج پاکستان اور پاکستانی عوام نے مل کر
دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے اورکر رہے ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کریں گے۔ دہشتگردی
کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا المیہ ہے۔ وزیر اعظم
اور وزیر خارجہ دونوں نا اہل ہیں۔ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، حکمران نا اہل
وزیر اعظم کی کرپشن کے کیسز کے دفاع میں مصروف ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس
میں مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، عارف چوہدری، شاہد شاہ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چوہدری افضل
گجر، راجہ ندیم، میاں افتخار، رانا طاہر، میاں کاشف و دیگر موجود تھے۔
بشارت جسپال نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل62، 63 کو بدلنے والے عبرت کا نشان بن جائینگے، کسی خائن اور اس کی جماعت کو آئین سے امانت اور صداقت کے آرٹیکل ختم کرنے کی جرات نہیں ہونے دینگے۔ شریف برادران بے نقاب ہو چکے۔ قوم جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر قتل و غارت گری اور لوٹ مار کرنیوالوں کو پہچان چکی ہے۔ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور قومی خزانے کے چوروں کو بھاگنے نہیں دیگی۔ بے گناہوں کے قاتلوں اور ملکی خزانے کے چوروں کا احتساب ہو گیا اور انہیں سزائیں مل گئیں تو پوری دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو گا۔ عوامی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری نصاب سے دینی اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے مضامین و تصاویر کو خارج کرنے کی سازش کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ نوجوان نسل کو اسلام اور نظریہ پاکستان سے دور کرنے کی مذموم سازش میں شریک ذمہ داروں کے خلاف عدالت عالیہ سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
تبصرہ