وزیراعظم کا ایم این ایز کو فی کس 25 کروڑ دینے کا اعلان غیر قانونی ہے: عوامی تحریک
شاہد خاقان عباسی قومی خزانے کو اپنی کمپنی کے اکاؤنٹس کی طرح استعمال مت کریں
ن لیگ کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے ترقیاتی فنڈز کے نام پر سیاسی رشوت دی جارہی ہے، نوٹس لیا جائے
نااہل وزیراعظم نیب میں پیش نہ ہو کر لاقانونیت کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں، مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (22 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ایم این ایز کو فی کس 25 کروڑ دینے کا اعلان غیر قانونی ہے، شاہد خاقان عباسی قومی خزانے کو اپنی کمپنی کے اکاؤنٹس کی طرح استعمال مت کریں، ن لیگ کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے ترقیاتی فنڈز کے نام پر سیاسی رشوت دی جارہی ہے، اس کا نوٹس لیا جائے، وزیراعظم نے کس قانونی حیثیت میں اپنے پارٹی ایم این اے کو 25 کروڑ فنڈ دینے کا اعلان کیا، یہ اعلان رشوت اور بدعنوانی ہے، وزیراعظم نااہل وزیراعظم کے نقش قدم پر چلنے کی بجائے آئین و قانون کے مطابق چلیں ورنہ ان کا انجام بھی مختلف نہیں ہو گا، وہ گزشتہ روز یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نیب میں پیش ہو کر لاقانونیت کی ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں، انہیں موقع ملا ہے کہ وہ اپنی بے گناہی کے جو بیانات جی ٹی روڈ پر دے رہے تھے ان کے ثبوت نیب میں آ کر دیں اور الزامات کا سامنا کریں، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے جماعت اسلامی کی طرف سے اسلام آبادسے لاہور احتساب مارچ کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ امیر جماعت اسلامی نے جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کے مطالبے کو بھی اپنے موقف میں شامل کیا ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے واقعہ کی مذمت کی اور مظلوموں کو انصاف دینے کیلئے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بڑے لٹیرے اور قاتل قانون کے کٹہرے میں نہیں آئینگے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی رہیں گی اور آئین، قانون کا مذاق اڑتا رہے گا۔
تبصرہ