شجرکاری باعث ثواب، اقتصادی فائدہ اور بہتر صحت کا سبب ہے: خرم نواز گنڈاپور
نااہل حکمرانوں نے نام نہادترقیاتی منصوبوں کے نام پر درخت اور باغات کو تباہ کر دیا
22 اگست تا 29 اگست پورے ملک میں 50 ہزار پودے لگائے جائینگے:عرفا ن یوسف
ہر شخص ایک پودا لگائے اور اسکی حفاظت بھی کرے، ہفتہ شجر کاری تقریب میں صدر ایم ایس ایم کی اپیل
لاہور (22 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شجر کاری باعث ثواب، اقتصادی فائدہ اور بہتر صحت کا سبب ہے، شجر کاری کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے، شجرکاری ہوا کی آلودگی کے خاتمے، زمین کی خوبصورتی اور اقتصادی فوائد کے علاوہ باعث اجر و ثواب بھی ہے، حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ ’’کوئی شخص ایک درخت یاایک پودا لگائے تو اس سے کوئی انسان، جانور اور پرندہ غذا حاصل کرے تو لگانے والے کیلئے یہ صدقہ جاریہ ہے‘‘پودے انسانوں، جانوروں کی غذا اور صحت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، زمین سرسبز شاداب اور ماحول صاف بنانے میں مدد کرتے ہیں، بدقسمتی سے نااہل حکمرانوں نے سڑکیں اور پل بنانے کے نام پر درخت اور باغات کو تباہ کر دیا ہے، لاہور جسے باغوں کا شہر کہا جاتا تھا نام نہاد ترقیاتی منصوبوں نے اسے کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے، حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے جنگلات کی کٹائی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، سڑکیں بنانے اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر کے نام پر جنگلات کو ختم کیا جارہا ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام 22 اگست تا 29 اگست تک ہفتہ شجر کاری مہم کی مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن اور لاہور کے مختلف مقامات پر ایم ایس ایم کی جانب سے پودے لگائے گئے، تقریب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف، فیاض وڑائچ، راجہ ندیم، رانا تجمل، میاں انصر، سیدف فاروق شاہ، محب مجید، یونس نوشاہی و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ پابندی کے باوجود لاہور سمیت ملک بھر میں درختوں کی کٹائی کا سلسلہ رک نہیں رہا، درختوں کی کمی پورا کرنے کیلئے وعدوں کے باوجود کوئی منصوبہ شروع نہیں ہو سکا، درختوں کی حالیہ کٹائی سے ملک بھر میں چند سالوں میں نہ صرف گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ موسمی تبدیلیاں بھی وقوع پذیر ہورہی ہیں۔ پاکستان میں درختوں کی بے دریغ کٹائی سے سالانہ 27 ہزار ہیکٹر اراضی بنجر ہورہی ہے، اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو آئندہ تیس سے چالیس سال تک خدانخواستہ ملک مکمل طور پر بنجر ہو سکتا ہے۔
مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 22 اگست تا 29 اگست پورے ملک میں 50 ہزار سے زائد پودے لگائے جائینگے، ایم ایس ایم کا ہر کارکن اپنے حصے کاایک درخت لگائے گا، عرفان یوسف نے اپیل کی کہ ہر پاکستانی اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اپنے نام کا ایک درخت لگائے تاکہ گلوبل وارمنگ پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سڑکوں کو کشادہ کرنے کے چکر میں وہ درخت بھی کاٹ دئیے جو سڑک کی کشادگی میں کوئی رکاوٹ نہیں بن رہے تھے۔ حکمران سڑک کی کشادگی کا بہانہ بنا کر درخت کاٹ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جانداروں کی بقاء کیلئے درختوں کی اشد ضرورت ہے، آج ہم سب یہ عہد کر لیں کہ ایک پودا ہر شخص لگائے گا اور اس کی حفاظت بھی کرے گا تو مجھے کامل یقین ہے کہ میرا وطن بھی دیگر ترقیاتی یافتہ ممالک کی طرف سرسبز اور خوشحال نظر آئے گا۔
تبصرہ