اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ میں نواز، شہباز ایک صفحہ پر ہیں: خرم نواز گنڈاپور
جسٹس کے خلاف ریفرنس کی خبریں چلی نہیں چلوائی گئیں اس کے پیچھے نیوز لیکس والے کردار ہیں
حکمران خاندان اکٹھا ہے یا منتشر پاکستان کے عوام کو اس سے کوئی غرض نہیں
سلطنت شریفیہ کے مکمل خاتمے، بلاتفریق احتساب اور انتخابی اصلاحات کیلئے سب سے رابطے کر رہے ہیں
لاہور (20اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا اداروں کے خلاف بیان نہ دینے کا بیان نئی شو بازی اور دھوکہ ہے۔ اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ مہم میں نواز، شہباز ایک صفحہ پر ہیں، گند اچھالنے کیلئے انہوں نے کئی طلال، نہال، دانیال رکھے ہوئے ہیں۔ جھوٹ، فراڈ کی سیاست آخری ہچکیوں پر ہے، اب سات سمندر پار سے کوئی ’’آکسیجن سلنڈر ‘‘آئے گا اورنہ کوئی قطری خط یا قطری ایل این جی اشرافیہ کی دم توڑتی سیاست میں جان ڈال سکے گی۔ وہ اتوار کو مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں و مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ن لیگ کے عہدیدارنہیں بلکہ ن لیگ کا نا اہل وزیر اعظم اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی میں پیش پیش ہے، شہباز شریف میں ہمت ہے اور وہ اگر سچے ہیں تو اپنے بھائی کا نام لے کر انہیں اداروں کے خلاف زہر اگلنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ جرات مند جسٹس کے خلاف ریفرنس کی خبریں چلی نہیں چلوائی گئیں اسکامقصد ردعمل جاننا تھا، اس ڈرامے کے پیچھے بھی نیوز لیکس والے کردار ہیں، ایوان وزیر اعظم کا میڈیا سیل اب جاتی امراء محل میں شفٹ ہو چکا ہے اور اب جاتی امراء محل سے اداروں، آئین اورملک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، ان سازشوں کا مقصد افراتفری پھیلانا اور کرپشن کے حوالے سے ریفرنسز پر کارروائی رکوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلطنت شریفیہ کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر تمام جماعتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے سب سے رابطے کر رہے ہیں، تمام جماعتیں بے شک اپنا اپنا الیکشن لڑیں مگر اشرافیہ کی کرپٹ سیاست کے مکمل خاتمے، بلاتفریق احتساب اور انتخابی اصلاحات کیلئے ایک پیج پر آئیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے کارکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور ہر سطح پر موجود کرپٹ پریکٹسز کے خاتمے کیلئے ہر طرح کی قربانی اور سیاسی جدوجہد کیلئے تیار اور پہلے سے زیادہ پر عزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران خاندان اکٹھا ہے یا منتشر پاکستان کے عوام کو اس سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی یہ ملکی سیاست کا متعلقہ ایشو ہے۔
تبصرہ