چھانگا مانگا کا جنگل ختم ہو گیا مگر یہاں پروان چڑھنے والی سیاست قائم ہے
نواز شریف کے پیچھے اصل طاقت شہباز شریف کا صوبائی اقتدار ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
اپوزیشن جماعتیں بد عنوان حکمرانوں کے خلاف ایک ہونے میں مزید دیر نہ کریں
امید ہے انصاف کے ایوانوں تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی التجا پہنچ گئی ہو گی، اجلاس سے خطاب
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات
لاہور (17 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے انصاف کے ایوانوں تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کی التجا پہنچ گئی ہو گی۔ملکی تاریخ میں پہلی بار انصاف کیلئے ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے باہر نکلے ۔حکومتی بربریت کا شکار یہ مظلوم صرف انصاف کے طالب ہیں۔نواز شریف کے پیچھے اصل طاقت شہباز شریف کا صوبائی اقتدار ہے۔شر کی دونوں قوتیں انجام کو پہنچیں گی تو ظلم پر مبنی نظام بدلے گا ۔قاتل برادران کو موقع مل گیا تو آئین سے امانت، صداقت کے الفاظ بھی حذف کر دینگے، نیب کو بطور قومی ادارہ اپنی ساکھ بحال کرنے کا موقع ملا ہے تو وہ اس موقع ضائع نہ کرے۔قانون نے اپنا راستہ بنا لیا اب عوام اپنے حصے کا سیاسی کردار ادا کریں۔پاکستان ایماندار قیادت نے بنایا بدیانتوں نے تباہ کیا۔اپوزیشن جماعتیں اشرافیہ کے شر پر مبنی اقتدار کے مکمل خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر جمع ہونے میں دیر نہ کریں ورنہ بہت نقصان ہو گا، پاکستان کو حقیقی جمہوریت کے راستے پر ڈالنے کیلئے قدرت نے ایک موقع دیا ہے۔
سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان دیگر سینئر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ چھانگا مانگا کا جنگل ختم ہو گیا مگر اس جنگل میں پروان چڑھنے والی لوٹ مار، مک مکا اور خرید و فروخت کی سیاست اور اس کے بلڈرز اور انجینئرز ابھی باقی ہیں، اس لوٹ مار کی ذہنیت کا خاتمہ کرنا ہو گا ورنہ کرپشن روپ بدل بدل کر حملہ آور ہوتی رہے گی ۔سپریم کورٹ کے لارجر بنچ اور جے آئی ٹی کے ممبرز نے آئین و قانون کی سر بلندی کیلئے کام کیا جسے قوم نے سراہا۔اب نیب کو بطور قومی ادارہ اپنی ساکھ بحال کرنے کا موقع ملا ہے تو وہ اس موقع کو ضائع نہ کرے۔نیب حکام بد عنوانی کو جڑ سے ختم کرنے کے اس قومی، آئینی، قانونی، عوامی، اخلاقی، جمہوری مشن کو ایمانداری کے ساتھ پورا کرنے کر کے پاکستان اور آئین سے اپنی محبت کا ثبوت دیں۔اگر اس موقع پر کسی ادارے نے کمزوری یا مصلحت سے کام لیا تو اس کی سزا آئندہ نسلیں بھی بھگتیں گی۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عید الضحیٰ کے بعد فیصل آباد، ملتان میں احتجاجی ریلیاں اور دھرنے ہونگے اور انصاف مانگا جائے گا۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اورشہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حصول کیلئے کامیاب احتجاج پر مبارکباد اوراس حوالے سے انکے موقف کی تائید کی اور انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد کرنا ہر شہری پر لازم ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور انکی جماعت کی طرف سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے کئے جانیوالے احتجاج میں بھر پور شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں فیاض وڑائچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سہیل رضا اور جواد حامد بھی موجود تھے ۔
تبصرہ