16 اگست کا پر امن احتجاج جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے ہے : عوامی تحریک
طاقت کا وحشیانہ استعمال کرنے والے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دی جائے
شریف برادران 14 کارکنوں کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں : خرم نواز گنڈا پور
مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس، فرح ناز، افنان بابر و دیگر رہنماء خواتین کی شرکت
لاہور (14 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ 16 اگست کے احتجاج میں شہدائے ماڈل ٹاؤن، اسیران انقلاب و زخمیوں کی فیملیز شریک ہونگی، اس احتجاج کا مقصد جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کا حصول ہے۔ ریاستی طاقت کا وحشیانہ استعمال روکنے کیلئے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دی جائے۔ شریف برادران 14 بے گناہوں کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں۔ 16 اگست کے احتجاج کے حوالے سے خصوصی انتظامی اجلاس کی صدارت خرم نواز گنڈا پور نے کی جبکہ اجلاس میں ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، افنان بابر، جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، عرفان یوسف، و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ وہ عدالتی کمشن کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کو سزا دیں گے اور اگر کمشن نے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا تو وہ سزا بھگتنے کیلئے تیار ہونگے مگر تین سال گزر جانے کے بعد بھی متاثرہ خاندانوں کو انصاف نہیں ملا۔
مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں شریف برادران نے خون کی ہولی کھیلی اور ہمارے 12 بھائیوں سمیت 2 بہنوں کو بھی شہید کیا گیا ہم اس کا قصاص ہر صورت لیں گے۔ اجلاس میں پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کے ناگہانی انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور انکی تحریک کیلئے گرانقدر خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تبصرہ