شریف برادران ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ دار ہیں: فرح ناز
16اگست کے پرامن احتجاج میں دیگر جماعتوں کی خواتین
رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دے رہے ہیں
شہداء کے ورثاء اور عوام جاننا چاہتے ہیں جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں کسے
ذمہ دار ٹھہرایا گیا
16اگست کے انتظامی اجلاس میں افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، آمنہ بتول و دیگر
رہنماؤں کی شرکت
لاہور (12 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ 16اگست کے دن قوم کی مظلوم بیٹیاں اپنے شہیدوں کا انصاف لینے کیلئے مال روڈ پر آئیں گی۔ ہم چیف جسٹس منصور علی شاہ سے استدعا کریں گی کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کرنے کیلئے وہ اپنے خصوصی قانونی اختیارات استعمال کریں اور ایک ایسا غیر جانبدار بنچ تشکیل دیں جو ہماری پٹیشن کی سماعت کرے اور رپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ 16 اگست کی اس اپیل میں شرکت کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی اراکین صوبائی اسمبلی، خواتین وکلاء، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے ویمن شعبہ کی عہدیداروں کو شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ 16اگست کے انتظامی اجلاس میں افنان بابر، زینب ارشد، عائشہ مبشر، آمنہ بتول و دیگر عہدیدار خواتین شریک ہوئیں۔
اس موقع پر فرح ناز نے کہا کہ شریف برادران نے 17 جون 2014 اور 31 اگست 2014 ء کے دن سیاسی کارکنوں اور پاکستان کے شہریوں کا قتل عام کیا جس میں ہماری دو بہنیں شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد بھی شامل تھیں۔ ہم اس بربریت کو کسی صورت نہیں بھولیں گی۔ ہمارا مطالبہ انصاف بشکل قصاص ہے، نواز شریف نااہل ہوئے لیکن ابھی انہیں بے گناہوں کو قتل کرنے کا حساب دینا ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ عوام بالخصوص شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء جاننا چاہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جو عدالتی تحقیق ہوئی تھی اس میں کس کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ یہ جاننا ہمارا بنیادی آئینی حق ہے۔
افنان بابر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کا 35 سال تک مذاق اڑانے والے آج خود مذاق بنے ہوئے ہیں، سڑکوں پر رل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی کا تمغہ ماتھے پر سجا کر جی ٹی روڈ پر آہ و بکا کرنے والے نواز شریف ابھی تو یہ ابتداء ہے۔ ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس بھی باقی ہے اور کرپشن، غبن، منی لانڈرنگ، لوٹ مار کے ریفرنسز پر فیصلے آنے بھی باقی ہیں۔ عوامی تحریک ویمن لیگ اور تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی ایگزیکٹو کا مشترکہ اجلاس 16 اگست کے احتجاج کے سلسلے میں اتوار کی سہ پہر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گا۔
تبصرہ