نا اہل وزیراعظم کا قافلہ سیاسی ریلی نہیں بلکہ سیاسی جنازہ تھا: خرم نواز گنڈا پور
پشاور سے امداد نہ پہنچتی تو نواز شریف کی ریلی لاہور کی طرف روانہ ہی نہ ہو پاتی
نا اہل شخص کے استقبال پر سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتے ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری جب کال دینگے ساری قوم انکے ساتھ ہو گی، کارکن قائد کے اشارے کے منتظر ہیں
کامیاب، تاریخی استقبال و جلسے پر پاکستان عوامی تحریک کی جملہ تنظیمات مبارکباد کی مستحق ہیں، سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (9 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی وزراء سرکاری گاڑیاں، حفاظتی دستے اور ہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں کے جھرمٹ میں نا اہل وزیر اعظم کا قافلہ سیاسی ریلی نہیں بلکہ سیاسی جنازہ تھا۔ سوگوار فضا میں کچھ لوگ سیاسی لاش کو دفنانے آئے ہیں۔ ناا ہلی پر بھنگڑا ڈالناغیرت مندی کی علامت نہیں۔ پشاور سے امداد نہ پہنچتی تو نواز شریف کی ریلی لاہور کی طرف روانہ ہی نہ ہو پاتی۔ ریلی میں سچ بولنے والے چینلز کے رپورٹرز پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی کے شہریوں نے نا اہل وزیر اعظم کو ہمیشہ کیلئے شہر اقتدار سے رخصت کر دیا۔ نا اہل وزیر اعظم کی ریلی پر پنجاب حکومت کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا، سرکاری ملازمین کی حاضری جی ٹی روڈ پر لگائی گئی۔ مجرم نواز شریف قوم سے معافی مانگیں۔ نا اہل شخص کے استقبال پر سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے استقبال اور مال روڈ کے تاریخی جلسے نے سربراہ عوامی تحریک کی عوامی مقبولیت کو واضح کر دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان آمد سے کرپٹ نظام کے ایوانوں میں کپکپی طاری ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خطاب کے ذریعے پوری قوم کو آئین، قانون اور جمہوریت کا درس دیا ہے جس سے عوام کا ذہن اور سوچ تبدیل ہو چکی ہے۔ باریاں لگانے والوں اور مک مکا کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ 14 بے گناہوں کو گولیوں سے چھلنی کرنیوالے ظالموں سے قصاص لیا جائیگاا نکا ٹھکانہ جیل اور پھانسی کا پھندا ہو گا۔ کامیاب اور تاریخی استقبال و جلسے پر پاکستان عوامی تحریک کی جملہ تنظیمات مبارکباد کی مستحق ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پربشارت جسپال، فیاض وڑائچ، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، شاہد شاہ، عارف چوہدری، افضل گجر، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، آصف سلہریا اور انجینئر رفیق نجم موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان نے کل کے تاریخی اجتماع میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے قائد کے اشارے کے منتظر ہیں۔ جب ڈاکٹر طاہرالقادری اشارہ کرینگے، کروڑوں لوگ انکے ساتھ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ قوم شریف برادران سے نجات چاہتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد انصاف کی با لا دستی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہے۔ 3سال سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ عدالتوں میں لڑ رہے ہیں۔ شہباز شریف کے اقتدار میں ہوتے ہوئے کوئی عدل نہیں ہو سکتا۔ عوامی تحریک کو ملک بھر میں یونین کونسل سطح تک منظم کرنے کی جدوجہد جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک جلد ایک مضبوط اور فعال عوامی قوت کے طور پر ابھرے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے پاکستان پہنچتے ہی سیاست کا نقشہ بدل گیا ہے، سربراہ عوامی تحریک نے عوام کو انکے حقوق کا شعور دے دیا ہے جوقاتل اور کرپٹ ایلیٹ کیلئے سوہان روح بن گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کے بچے بچے کو آئین پڑھا دیا ہے۔ عوام کو بے وقوف بنانے کا دور چلا گیا اب قوم با شعور ہو چکی ہے۔
تبصرہ