شہباز شریف آپ نے 14 بے گناہوں کے قتل کا حساب دینا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
پاکستان آمد کا واحد ایجنڈا انصاف بشکل قصاص ہے: سربراہ عوامی
تحریک کی ناروے میں گفتگو
عدلیہ بحالی کا کریڈٹ لینے والے اس کے منصفانہ فیصلوں کو مانیں، نواز شریف انجام کو
پہنچ گئے
لاہور (7 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شہباز شریف آپ نے 14 بے گناہوں کے قتل کا حساب دینا ہے، اس کی تیاری کرو، پاکستان آمد کا واحد مقصد انصاف بشکل قصاص ہے۔ 3 سال قانونی جنگ میں گزر گئے قدم قدم پر شہباز حکومت نے انصاف کا راستہ روکا۔ بڑا بھائی اللہ کی گرفت میں آ گیا چھوٹے کو پکڑ کر قانون کے حوالے کریں گے ۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کی جائے اس میں قاتلوں کے نام پتے درج ہیں۔
پیر کو اوسلو ائیر پورٹ پر مقامی تنظیم کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف کا کبھی بھی جمہوریت سے کچھ لینا دینا نہیں رہا۔ انکی جمہوریت یہ ہے کہ ان کے ماورائے قانون اقدامات پر ادارے آنکھیں بند رکھیں۔ انہوں نے ساری عمر آئین، قانون، عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑایا، اب رنگے ہاتھوں پکڑے جانے اور کرپشن کے ریفرنسز پر غیر جانبدار تحقیقات کے خوف میں مبتلا ہیں اور جانتے ہیں کہ اب کوئی گنجائش نہیں ہے اس لئے پھڈا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ بحالی کا کریڈٹ لینے والے اس کے منصفانہ فیصلوں کو مانیں، یہ تو ڈوگر کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ’’گو نواز گو‘‘ ہو گیا اب ’’گو شہباز گو‘‘ ہو گی اس کیلئے ہمارے کارکن پوری طرح تیار ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک 8 اگست اوسلو سے براستہ دوہا قطر ائیر ویز پر صبح 8 بجے لاہور ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں وہ ریلی کی شکل میں ناصر باغ جائیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ناصر باغ جلسہ میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تبصرہ