نواز شریف کی سویلین بالادستی فوج اور سپریم کورٹ پر حکومت کرنا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
تین بار نکالے جانیوالے نالائق کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ پاکستان
کو اسکی ضرورت نہیں
نواز شریف کی ٹریننگ ٹکراؤ اور پھڈا ہے لیکن اس بار وہ اپنا ہی سر پھوڑیں گے
کرپٹ اشرافیہ جانتی ہے حدیبیہ ریفرنس میں جیل اور ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسی ہے
تمام سیاسی جماعتوں کو اس نازک موقع پر ملکی مفاد میں یکجا دیکھنا چاہتا ہوں : گفتگو
ڈاکٹر طاہرالقادری 8 اگست کی صبح اوسلو سے لاہور پہنچیں گے، استقبال کی تیاریاں مکمل
لاہور (6 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین بار نکالے جانیوالے نوا ز شریف کی سویلین بالا دستی کا مطلب فوج اور سپریم کورٹ پر حکومت کرنا ہے وہ مینڈیٹ لینے کے بعد فوج اور سپریم کورٹ کو فتح کرنے میں مگن ہو جاتے ہیں۔ نا لائق، کرپٹ اور نا اہل شخص جان لے سیاست کو اسکی ضرورت نہیں ہے۔ نواز شریف کی ٹریننگ ٹکراؤ اور پھڈا ہے لیکن اس بار وہ اپنا ہی سر پھوڑیں گے۔ 14 بے گناہوں کا خون قصاص کا منتظر ہے، نواز شریف کی اصل بے چینی حدیبیہ ریفرنس ہے وہ جانتے ہیں اس کیس میں یقینی جیل اور ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسی ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ آنے پر قوم پانامہ کیس بھول جائیگی۔ حکمران خاندان اللہ کی پکڑ میں آ چکا اب کوئی نہیں بچا سکے گا۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس نازک موقع پر یکجا دیکھنا چاہتا ہوں۔ اللہ نے ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کا جو موقع دیا ہے اس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ شریف برادران نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، کرپشن کے ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ سیاسی جمہوری اخلاقیات کا جنازہ نکالا۔ انکے جو جرائم اب تک سامنے آئے ہیں وہ اصل جرائم سے کہیں کم ہیں، وہ بھی سامنے آئیں گے۔ عوام نے سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے تاریخی فیصلے کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ مٹھائیاں بانٹیں، حکومتوں میں بیٹھے افراد کے پرتپاک استقبالوں کی اصلیت سب جانتے ہیں یہ وہی نواز شریف ہے جنہیں 12 اکتوبر 1999 کے دن جب اقتدار سے نکالا گیا تھا تواسکی کابینہ کے وزراء بھی غائب ہو گئے تھے۔
سربراہ عوامی تحریک 7 اگست رات 3 بجے اوسلو سے قطر ائیر ویز سے 8 اگست صبح 8 بجے لاہور پہنچیں گے جہاں انکا فقید المثال استقبال کیا جائیگا۔ سربراہ عوامی تحریک کارکنوں کے ہمراہ ناصر باغ جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور پھر وہاں سے داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کیلئے جائیں گے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف نعت گو شاعر، ادیب، سیرت نگار اورفرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ شعبہ ادبیات کے سابق انچارج ریاض حسین چوہدری کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم متقی، پرہیزگار اور سچے عاشق رسول تھے۔ انہوں نے مرحوم کی بخشش اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
تبصرہ