ڈاکٹر طاہرالقادری ایئرپورٹ سے سیدھا داتا دربار جائینگے، روٹ فائنل
وزیراعظم کی نااہلی پر شکرانے کے نوافل اور لنگر تقسیم ہو گا، ہزاروں کارکن استقبال کیلئے ایئرپورٹ پہنچیں گے
عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی نے استقبال کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی
پارلیمنٹ کے احاطہ میں شیخ رشید پر حملہ اور کردار کشی مہم کی مذمت
لاہور (4 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی 8 اگست
کو پاکستان آمد اور استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات اور روٹ کو حتمی شکل دے
دی ہے۔ سربراہ عوامی تحریک علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے سیدھا حضرت داتا
علی ہجویری گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دینگے، پھولوں کی چادر چڑھائیں
گے، وزیراعظم کی نااہلی پر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے اور اس موقع پرمستحقین میں
لنگر تقسیم کیا جائیگا۔
اجلاس کے بعد عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 8 ستمبر کو ’’گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا‘‘ کے مزار پر قاتل اعلیٰ پنجاب کی گرفت اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوانے کیلئے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور ہزاروں کارکنان کے ہمراہ خصوصی دعا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ داتا کی نگری میں قاتل اعلیٰ اب زیادہ دیر نہیں دندنا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 273 دن تک منی ٹریل دینے میں ناکام وزیر اعظم اب سڑکوں پر بے گناہ ہونے کی دہائیاں دیتے پھر رہے ہیں۔ نواز شریف نا اہلی کے فیصلے سے قبل استعفیٰ دیتے تو ان کی کچھ عزت بچ جاتی۔ جب تک ن لیگ کی پنجاب اور وفاق میں حکومت ہے، پٹواری، مالی، کلرک اور ضرورت مند استقبال کرتے رہینگے۔ حکومت ختم ہونے کے بعدکوئی انہیں شناخت بھی نہیں کرے گا۔ یہ اللہ کی پکڑ میں آچکے، قوم اس خائن خاندان کو منطقی انجام سے دوچار ہوتے ہوئے دیکھ رہی ہے، پانامہ کیس میں یہ نا اہل ہوئے، ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسیاں چڑھیں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کور کمیٹی کے اجلاس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں پیش آنے والے واقعہ اور عمران خان کی کردار کشی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کو سیاسی مفادات کیلئے عوتوں کو ڈھال بنانا زیب نہیں دیتا۔
تبصرہ