عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں نابینا افراد کو اسناد دینے کی تقریب
کمپیوٹر کورسز مکمل کرنے والے 29 نابینا طلباء و طالبات کو اسناد دی گئیں
کمپیوٹر کورسز ہمارے لیے ایک نعمت، ڈاکٹر طاہرالقادری کے شکر گزار ہیں، طلباء
غلام محی الدین دیوان کی طرف سے نابینا افراد کی تعلیم کیلئے ایک لاکھ مالی مدد کا اعلان
لاہور (3 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے تعاون سے نابینا افراد کو کمپیوٹر کورسز کروائے جانے کی دوسری تقریب عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کرنے والے 29 طلباء و طالبات کو اسناددی گئیں۔ کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کرنے والوں میں 19 خواتین شامل ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سوسائٹی کے خصوصی افراد کو تعلیم اور ہنر دینے میں مدد کرنا عصر حاضر کی بہترین عبادت اور انسانیت کی خدمت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت کے مطابق تحریک منہاج القرآن نے نابینا افراد کو ہنر مند بنانے کے ایک فلاحی پروجیکٹ کا آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت آج کمپیوٹر کورسز کروائے جانے کی دوسری تقریب منعقد ہوئی جس میں 29 طلباء و طالبات نے اسناد حاصل کیں یہ کورسز انہیں پیشہ وارانہ زندگی گزارنے کے حوالے سے مدد گار ثابت ہونگے، انشاء اللہ تعالیٰ ادارہ منہاج القرآن نابینا افراد کو کورسز کروانے اور ہنر مند بنانے کے حوالے سے یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔
تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل و ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور نابینا افراد کی تعلیم و تربیت کیلئے ایک لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا اور تحریک منہاج القرآن کی انسانیت کی خدمت کے اس منصوبے کو سراہا۔
تقریب سے تحریک انصاف کے رہنما ملک محمد آصف، فاروق اعظم صدیقی، چودھری بشارت علی، ملک عبدالرحمن نے خطاب کیا، سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈائریکٹر ٹریننگ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے انجام دئیے۔
اول دوم، سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء محمد زوہیب، محمد سلیم، شہزاد گلنارنے اپنے خطاب میں کہا کہ کمپیوٹر کورسز کے حوالے سے تعلیم و تربیت پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ادارہ منہاج القرآن، خرم نواز گنڈاپور اور علامہ مرتضیٰ علوی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ کورسز نعمت غیر مترکبہ ہے، یہ کورسز ہمارے علم میں اضافے اور روزگار کا باعزت ذریعہ بنیں گے، جس پر ہم انتہائی خوش ہیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت اور زندگی میں برکت کیلئے دعا گو ہیں۔
کامیابی کے ساتھ کمپیوٹر کورسز مکمل کرنے والوں میں انعم محبوب، شفیق احمد، عدنان احمد، بلاول عباسی، فاطمہ محبوب، محمد وسیم، صباء یونس، راحیل احمد، محمد قاسم، عاطف ظہور، احسن ریاض، آفتاب احمد، محمد مجاہد، نمرہ ارشد، محمد کاشف، آفتاب علی، عنبر یوسف، ارم ناز، عائشہ شاہد، محمد نعیم، غلام فاطمہ، صادقہ غفور، سدرہ نعیم، مہوش نسیم، حافظ محمد اکرم، عبدالشکور شامل ہیں۔
تبصرہ