’’حلالہ‘‘ وزیراعظم کا سپریم کورٹ فیصلہ نہ ماننے کا اعلان شرمناک ہے: عوامی تحریک
عارضی وزیراعظم بتائیں کس ملک نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنے
سے انکار کیا: خرم نواز گنڈا پور
6 ماہ بعد پورا خاندان اندر ہو گا، رفیق نجم و دیگر کا سنٹرل زون کے اجلاس سے خطاب
لاہور (30 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ 45 دن کیلئے نامزد اور 200 ارب روپے کی خورد برد میں نیب کو مطلوب ’’حلالہ‘‘ وزیراعظم کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول نہ کرنے کا اعلان شرمناک اور قابل گرفت ہے۔ عدالتی فیصلوں کوقبول کرنے سے انکار کرنے والے شخص کا سب سے بڑے منصب پر بیٹھنا ایک اور بد بختی ہے اس کو ابھی سے کان سے پکڑ لیا جائے تاکہ باقیوں کو ’’کان‘‘ ہو جائیں۔ انہوں نے عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن سنٹرل زون کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عدلیہ اوراداروں کی توہین ن لیگ کا مائنڈ سیٹ ہے کیونکہ ن لیگ کسی سیاسی یا جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں نہیں آئی یہ جماعت اور اسکی قیادت سابق آمر کی مہربانیوں کا نتیجہ ہے۔ اسی لئے یہ آئین، قانون کی توہین اور بنیادی حقوق کی پامالی میں کوئی آر محسوس نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے اعلیٰ عدلیہ کا مذاق اڑانے والے خائن اور کرپٹ عناصر ایوانوں کی بجائے زندانوں میں ڈالے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نامزد وزیر اعظم کی طرف سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلہ کی توہین کا سخت نوٹس لیا جائے۔ لاقانونیت پھیلانے والا شخص وزرات عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھنے کے قابل نہیں۔ ان کی نا اہلی کیلئے عدالتی فیصلے کو قبول نہ کرنے کا اعلان ہی کافی ہے۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم نے کہا کہ نواز شریف متفقہ طور پر نا اہل ہوئے، فیصلے پر تنقید کا کوئی اخلاقی، قانونی، جمہوری جواز نہیں ہے۔ جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہایا وہ کس منہ سے آئین، قانون اور اخلاقیات کی بات کرتے ہیں، اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
تبصرہ