پانامہ کے مجرم کی اقامہ پر وضاحتیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ اور بستہ 10 کی جملہ دستاویزات پبلک کی جائیں
قاتل اعلیٰ کو بطور وزیر اعظم قوم کسی صورت قبول نہیں کریگی، سربراہ پاکستان عوامی تحریک
لاہور (29 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پانامہ کے مجرم کی اقامہ پر وضاحتیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی ہیں ابھی انکی کرپشن کے سمندر کا صرف ایک قطرہ سامنے آیا۔ اشرافیہ کے جرائم کی فہرست بڑی طویل ہے انہیں پوری سزا دینا ہو گی۔ انہوں نے سنیئر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نامزد ملزم قاتل اعلیٰ پنجاب کو وزیر اعظم نامزد کرکے آئین، قانون اور جمہوری اخلاقیات کا مذاق اڑایا گیا۔ قاتل اعلیٰ کو بطور وزیراعظم قوم کسی صورت قبول نہیں کریگی۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا ٹھکانہ صرف اور صرف جیل ہے۔ ہم پوچھنا چاہتے ہیں جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کب پبلک ہو گی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف کب ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم انصاف بشکل قصاص کے مطالبہ سے پیچھے ہٹے اور نہ کوئی ہمیں ہٹا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو تیسری بار بھی کرپشن پر نکالا گیا۔ انہوں نے کرپشن کے ماحول میں آنکھ کھولی اور پروان چڑھے۔ متفقہ طور پر نا اہل قرار دئے جانیوالے جس ڈھٹائی سے پارسائی کے دعوے کر رہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ مافیا آسانی سے ملک و قوم کی جان نہیں چھوڑے گا۔ قانون نے اپنا راستہ بنا لیا اب عوام کو بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ اوربستہ 10 کی تمام دستاویزات کو پبلک ہونا چاہیے۔ نواز شریف نے صرف ملک ہی نہیں لوٹا بلکہ سلامتی کے خلاف بھی اسکے جرائم ریکارڈ پر ہیں جس دن شریف خاندان کی ملوں میں بھارتی انجینئرز کی ملازمتوں اور موجودگی کے ثبوت دیے تھے انہیں اسی دن ہی گرفتار کر لیا جانا چاہیے تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جتنی ڈھیل اشرافیہ کو ملی کسی اور قومی مجرم اور لٹیرے کو نہیں ملی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ نواز شریف ملک میں دنگا فساد کروائے گا اس کا اصل ہدف عدالت اور قومی سلامتی کے اداروں کی تذلیل ہے۔ نا اہلی کے بعد عوام کی طرف سے مکمل اطمینان پر انکے اضطراب میں اضافہ ہوا ہے۔
تبصرہ