مظفرگڑھ میں کسانوں پر تشدد قابل مذمت ہے : فیاض وڑائچ
ن لیگ کے دور میں کسانوں کا بد ترین استحصال ہوا، صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب
پاناما کیس کا فیصلہ کرپشن سے پاک پاکستان کی طرف اہم پیشرفت ہو گی، کسان ونگ کے رہنماؤں سے گفتگو
لاہور (22 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں کسانوں پر تشدد قابل مذمت ہے، ن لیگ کے دور میں کسانوں کا بد ترین استحصال ہوا۔ آل شریف کی ملکیت حسیب وقاص شوگر ملز کی انتظامیہ کاشتکاروں کے واجبات فوری ادا کرے۔ مظفرگڑھ تحصیل جتوئی کے کسانوں کے مطالبات کی مکمل حمایت اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کاشتکار حکمرانوں کی استحصالی پالیسیوں کے خلاف اور اپنے حق کیلئے آواز بلند کرتے ہیں، ان پر پولیس گردی اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اسے ظلم اور زیادتی سمجھتے ہیں۔ کسانوں کا معاشی استحصال بند کیا جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی کسان ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیف اللہ سدوزئی، مشتاق نوناری، عارف رضوی، ڈاکٹر زبیر خان، خالد حسینی، حافظ گلفام و دیگر بھی موجود تھے۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ مظفر گڑھ میں کسانوں پر ہونیوالا تشدد اور ظلم تکلیف دہ ہے۔ حکمران خاندان کو خبردار کرتے ہیں کہ محنت کش کسانوں کی واجب الادا رقم انہیں فوری ادا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کسانوں پر تشدد کی خبر نے ایک بار پھر حکمرانوں کو عوام کے سامنے ننگا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایماندار سیاسی قیادت نے بنایا اور بے ایمان قیادت نے تباہ کیا۔ پاناما کیس کے فیصلے سے کرپشن سے پاک پاکستا ن کی طرف اہم پیشرفت ہو گی۔ کلمہ کی بنیاد پر حاصل ملک کو لوٹنے والے عبرتناک انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ شریف خاندان قانون قدرت کی گرفت میں ہے۔ قومی دولت کی لوٹ مار میں معاون بیوروکریٹس ظفر حجازی کے انجام سے سبق حاصل کریں۔ بیورو کریٹس پڑھے لکھے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سوسائٹی کا بہترین دماغ ہیں۔ وہ دنیاوی لذتوں کیلئے ناجائز دولت اور مراعات کے شیطانی جال سے باہر نکلیں اور ملک کیلئے سوچیں اگر بیورو کریٹس نااہل، لالچی سیاسی مافیا کے ناجائز کاموں میں معاونت ترک کر دیں تو پاکستان کو چند سالوں کے اندر اندر قائداعظم کا حقیقی پاکستان بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اوران کے کارکنوں نے ظالم اشرافیہ سے طویل جنگ لڑی۔ جانی و مالی قربانیاں دیں، انہی قربانیوں کے باعث ظالم اشرافیہ ایکسپوز ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس ظالم اور کرپشن زدہ نظام کے پرزے پرزے کرنے کا وقت آگیا ہے، اسی نظام نے کرپٹ اشرافیہ کو جنم دیا اور کرپشن کو تحفظ ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں کوئی ملکی دولت لوٹنے کی جرات نہ کر سکے اور ہر بچہ سکول جائے۔ نوجوانوں کو روزگار ملے، مریضوں کو مفت علاج، مظلوموں کو انصاف ملے۔
تبصرہ