وزیراعظم صاحب آپ پر آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کا الزام ہے:عوامی تحریک
حواری کے صحن میں بیٹھے چند درجن میٹر کلرکوں کو نہیں سپریم
کورٹ کو ثبوت دیں
میاں نواز شریف قوم کہہ رہی ہے کس منہ سے کعبہ جاؤ گے
سوا سال سے قوم پیچھے پیچھے اور وزیر اعظم آگے آگے ہیں
چوری کا مال جب پکڑا جاتا ہے اس کا کوئی بھی والی وارث نہیں بنتا
قوم کا آپ سے سوال ہے منی ٹریل دئیے بغیر کس منہ سے کعبہ جاؤ گے؟ : خرم نواز گنڈا
پور کا ردعمل
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (19 جولائی2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے وزیراعظم کے سیالکوٹ میں خطاب کے رد عمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم کتنے بھولے بن رہے ہیں کہ جنہیں یہ نہیں پتہ کہ ان پر کیا الزامات ہیں۔ ان پر الزام آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کا ہے اور پاکستان سے بیرون ملک لانچوں، جہازوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا ہے۔ انہوں نے رد عمل میں کہا کہ یہ کیسا خاندان ہے جن کے بڑوں اور بچوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ انکے اثاثوں کا اصل مالک کون ہے اور ایک ہی گھر میں رہنے والے باپ بیٹوں، بیٹی کے بیانات آپس میں نہیں ملتے۔ انہوں نے کہا کہ چوری کا مال جب پکڑا جاتا ہے اس کا کوئی بھی والی وارث نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خواجہ آصف کے گھر کے صحن میں بیٹھے ہوئے چند درجن میٹر کلرکوں کو نہیں سپریم کورٹ کو ثبوت دیں۔ سوا سال سے قوم پیچھے پیچھے اور وزیر اعظم آگے آگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ نے اپنے عہدے اور سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اربوں ڈالر بنائے۔ اگر یہ دولت حق حلال کی ہوتی تو آپ کو آف شور کمپنیاں بنانے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ایک ایسی بد قسمت قوم ہیں کہ جسے 35سال تک ایک جھوٹے شخص نے یرغمال بنائے رکھا، ایک ایسا شخص جس نے وزیر اعظم جیسے عظیم اعزاز کی توہین کرتے ہوئے دیار غیر میں اقامہ اور تنخواہ لی۔
خرم نواز گنڈ اپور نے کہا کہ وزیراعظم صاحب سیاست دان، قومی ادارے، وکلاء، کسان، مزدور آپ کی کرپشن کے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں اب آپ کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے اس دعوے پر کہ خواجہ آصف قیمتی اثاثہ ہیں پر ردعمل میں کہا کہ ایسے دعوے مت کریں جن کی آپ منی ٹریل نہ دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہوں نے دہشتگردی کی کمر توڑ دی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کی کمر توڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ غالب کا شعر پڑھنے والے سے قوم کا سوال ہے منی ٹریل دئیے بغیر کس منہ سے کعبہ جاؤ گے؟
تبصرہ