وزیراعظم اور انکا خاندان سوا سال بعد بھی منی ٹریل نہ دے سکا: عوامی تحریک لاہور
حکمران باہر سے صاف ستھرے اندر سے کتنے میلے نکلے، مشاورتی
کونسل کے اجلاس سے خطاب
15 جولائی کے احتجاج نے ثابت کر دیا شہیدوں کا لہو اور قاتلوں کے چہروں کو نہیں
بھولے
عوامی تحریک کے کارکنان نے ظلم کے نظام کے خلاف جان و مال کی قربانیاں دیں:چودھری
افضل گجر
لاہور (18 جولائی2017) پاکستان عوامی تحریک لاہور کا اہم مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں صدر لاہور چودھری افضل گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، عوامی تحریک لاہور کے پی پی حلقوں کے عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری افضل گجر نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کا خاندان وعدہ کے باوجود سوا سال گزر جانے کے بعد منی ٹریل نہ دے سکا، باہر سے صاف ستھرے اندر سے کتنے میلے ہیں۔ یہ پہلی بار قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، اندر کے ان میلے اور دوغلے لیڈروں کو قوم ایوانوں میں نہیں جیلوں میں دیکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران پاناما کیس میں جیل مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسیاں چڑھیں گے۔ 15 جولائی کے احتجاج میں شریک کارکنوں کے سمندر نے بتا دیا کہ شہیدوں کا لہو اور قاتلوں کے چہرے ہماری آنکھوں کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا لہو قبر کی دیواروں تک ان کا پیچھا کرے گا۔ عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ پاناما لیکس سے فارغ ہو کر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا حکم دے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان نے اس ظلم کے نظام کے خلاف جان و مال کی لازوال قربانیاں دے کر پاکستان کی سیاسی و جمہوری تاریخ میں قابل فخر باب رقم کیا ہے، ظلم کا نظام بہت جلد تہس نہس ہو گا۔ ماڈل ٹاؤن میں بہنے والا معصوم کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کے کارکن انصاف کے راستے سے ہٹے یا ڈرنے والے نہیں ہیں، قاتلوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچا کردم لیں گے۔
چودھری افضل گجر نے کہا کہ موجودہ چور حکمران ہمارے کارکنوں کے قاتل ہیں، جس کی تصدیق ہائیکورٹ کے سینئر جج سید باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ سے بھی ہو چکی ہے۔ قاتل حکمران بے شرمی ڈھٹائی اور طاقت کے زور پر یہ رپورٹ دبا کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی ریاستی دہشتگردی کے بعد باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نہ شائع کرنا ایک اور دہشتگردی ہے۔
لاہور کے اجلاس میں جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کو فوری پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں اشتیاق حنیف مغل، حنیف قادری، میاں افتخار، شفاقت مغل، حاجی اختر، چودھری وحید، سلیم صالح، ریحان چودھری و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس سے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ