تحریک انصاف کی عوامی تحریک کو 15 جولائی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی
قاتل اور کرپٹ برادران کے استعفے سے ملکی حالات بدلیں گے: خرم نواز گنڈا پور
اپوزیشن کو اکٹھے ہو کر گو نواز گو تحریک شروع کرنا ہو گی، جلد اے پی سی بلائیں گے: میاں محمود الرشید
اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور صمصام بخاری کی خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات
لاہور (13 جولائی 2017) تحریک انصاف نے عوامی تحریک کے رہنماؤں کو 15 جولائی کے احتجاج میں بھر پور شرکت کا یقین دلایا، دونوں جماعتوں نے اور گو نواز گو تحریک میں شدت لانے پر اتفاق کیا، اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور صمصام بخاری نے عوامی تحریک کے مرکز ی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ قاتل اور کرپٹ برادران کے استعفے سے ملکی حالات بدلیں گے، ہمارے شہدا کے قاتل شریف برادران اور انکے وزراء ہیں، 3 سال سے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک نہیں ہوئی جو انصاف کا خون ہے۔
میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اکٹھے ہو کر گو نواز گو تحریک شروع کرنا ہو گی اس حوالے سے اے پی سی ضروری ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی چوری پکڑی جا چکی انہیں جیلوں تک پہنچانے کیلئے عوامی دباؤ بڑھانا ہو گا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے عوامی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خاندان کی 3 شوگر ملیں کاٹن ایریا میں شفٹ کرنے کا غیر قانونی حکم دیا اور ماڈل ٹاؤن میں شہادتوں کے ذمہ دار ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ساتھ میاں شہباز شریف بھی استعفیٰ دیں۔
تبصرہ