احتجاج میں کارکنوں کی بھر پور شرکت کیلئے کمیٹیاں بنا دیں: حافظ غلام فرید
مال روڈ کے تاجر رہنماؤں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، عوامی تحریک لاہور کا اجلاس
احتجاج قاتل و کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عوامی فیصلہ ہو گا: صدر لاہور
شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے ہر حد تک جائینگے، کارکنوں کا عزم
لاہور (12 جولائی 2017) عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 15 جولائی کو ہونے والے پرامن احتجاجی مظاہرے کیلئے پی پی اور یونین کونسل سطح پر 20 سے زائد انتظامی و رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اجلاس میں احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مظاہرے کو کامیاب بنانے کیلئے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ حاجی محمد اسحاق چیئرمین عوامی تاجر اتحاد کی سربراہی میں 10 رکنی کمیٹی مال روڈ کی تاجر برادری سے رابطہ کرے گی اور احتجاج میں شرکت کی دعوت دے گی۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر کی نے جبکہ اشتیاق حنیف مغل، فرزند مشہدی، حنیف قادری، ساجد اصغر، شفاقت مغل، طارق الطاف اور لاہور کی مختلف پی پی و یونین کونسل کے عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ 15 جولائی کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پاناما کے چوروں کے خلاف پرامن تاریخی احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ قاتل کرپٹ حکمرانوں اور پنکچر زدہ نظام کے خلاف مال روڈ پنجاب اسمبلی کے سامنے لاہور کے غیور عوام ایک نئی تاریخ رقم کرینگے۔ احتجاج پرامن ہو گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ کیا جائیگا۔ 15 جولائی کے عوامی سیلاب کو نااہل حکمران نہیں روک سکیں گے۔ عوامی تحریک، منہاج القرآن کے کارکن اور لاہور کے عوام کو قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا کر کرپشن کے ریکارڈ توڑنے والے حکمرانوں کے خلاف اٹھنا ہو گا۔ عوام ملک کو بار بار لوٹنے والے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ امداد اور قرضوں کی آکسیجن پر ملک چلانے والے حکمران اقتدار اور ذاتی مفادات کے وفادار ہیں۔ 15 جولائی کا احتجاج قاتل و کرپٹ حکمرانوں اور فرسودہ نظام کے خلاف عوامی فیصلہ ہو گا۔
عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا کہ 15 جولائی کے پرامن احتجاجی مظاہرے میں سربراہ عوامی تحریک اہم ترین خطاب کرینگے اور سیاست کے ایوانوں میں ایک بار پھر ہلچل نظر آئے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا خطاب ملکی سیاسی تاریخ کو اہم موڑ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے انقلابی اپنے شہداء کے قصاص کیلئے آخری حد تک جائینگے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ لاہور کے کارکن ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور 15 جولائی کے احتجاج کو یادگار بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ ملکی خوشحالی اور باوقار مستقبل کیلئے موجودہ حکمرانوں سے جان چھڑانا ہی واحد آپشن ہے۔
تبصرہ