شہید برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنے خون سے فروزاں کیا: خرم نواز گنڈاپور
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے
بھارت کو آج نہیں تو کل کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ چھوڑنا ہو گا
بھارت نوازحکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو سفارتی مہمات سے غائب کر دیا : سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (8 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، شہیدبرہان مظفر وانی کی نوجوانوں میں مقبولیت اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مسودے گرد آلود ہو چکے ہیں۔ بین الاقوامی برادری نے اہل کشمیر کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان پر عمل درآمد کی آرزو آج بھی اہل کشمیر کے دلوں میں زندہ اور تروتاذہ ہے۔ پاکستان کے استحکام کا کشمیر کی آزادی کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ مسئلہ کشمیر تقسیم بر صغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ بھارت کو آج نہیں تو کل کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ چھوڑنا ہو گا۔ شہید برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنے خون سے فروزاں کیا۔ برہان وانی کے خون میں کشمیری نوجوانوں اور عوام کے جذبہ آزادی کو نئی جلا بخشی ہے۔ کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کے باوجود آج برہان وانی بن کر سراپا احتجاج ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک آزاد کشمیر کے رہنماؤں کے اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سردار منصور، سردار اعجاز خان سدوزئی، سردار نجم الثقیب، ابرابر رضا ایڈووکیٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، غلام علی، ریاض بٹ، علامہ میر آصف اکبر و دیگر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے مطالبہ آزادی کو جبر و تشدد سے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن شہید برہان وانی کے خون سے روشن ہوئی یہ شمع حریت پسندوں کو انکی منزل کے قریب کر رہی ہے اور دنیا کے سامنے بھارتی درندگی کو بے نقاب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور کشمیر کمیٹی کے نام نہاد چیئرمین نے کشمیر یا اسکی آزادی کیلئے کبھی لب کشائی نہیں کی، جب تک ایسے حکمران اور مفاد پرست ٹولہ کشمیر کمیٹی پر قابض رہے گا اس وقت مسئلہ کشمیر کی صحیح تصویر دنیا کے سامنے پیش نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نواز موجودہ حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی سفارتی مہمات سے غائب کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی لیکن اہل کشمیر کی محبت پاکستان کے عوام کے دلوں میں بستی ہے اورکشمیریوں کی بے مثال قربانیاں رنگ لائیں گی۔ کشمیر ی عوام جلد آزادی کی نعمت سے بہرہ مند ہو گی۔
تبصرہ