پاکستان ترقی نہیں ’’قرقی‘‘ کی طرف بڑھ رہا ہے : عوامی تحریک
وزیراعظم کا خطاب ہارے ہوئے جواری جیسا تھا، اشرافیہ کے پاس منی ٹریل نہیں، خرم نواز گنڈا پور
لاہور (7 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا حویلی بہادر شاہ کا خطاب ایک ہارے ہوئے جواری کا خطاب ہے۔ وزیر اعظم کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں اور انہیں اپنا انجام صاف نظر آ رہا ہے۔ پاکستان ترقی نہیں ’’قرقی‘‘ کی طرف بڑھ رہا ہے، اشرافیہ سے منی ٹریل مانگی گئی تھی جو نہیں دے سکے۔ انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کے ردعمل میں کہاکہ ترقی کے دعوے جھوٹ ہیں قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ 2013 میں ڈالر روپے کے مقابلے میں 105 روپے تھا آج بھی ڈالر 105 کا ہے۔ 2013 میں غیر ملکی قرضے 65ارب ڈالر آج بڑھ کر 73ارب ڈالر ہو گئے۔ 2013 میں برآمدات 13.7 ارب ڈالر سالانہ تھیں آج 4 سال بعد کم ہو کر 12.3 ارب ڈالر ہو گئیں۔ 2013 میں تیل کی قیمت 106 ڈالر فی بیرل اور بجلی کا یونٹ 7روپے کا تھا آج تیل 50 ڈالر فی بیرل جبکہ بجلی کا یونٹ 12 روپے کا ہے۔ ہر سال 18 سو ارب کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں، کرپشن کی نظر ہونے والی یہ رقم دفاع اور ترقیاتی بجٹ سے زیادہ ہے۔ دفاع کا بجٹ 920 ارب ترقیاتی بجٹ 100 ارب ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے سود کی ادائیگی کا بجٹ 1363 ارب روپے تک بڑھا دیا۔ پاکستان خطے میں تنہا کھڑا ہے۔ دہشتگردی کی جنگ تنہا فوج لڑ رہی ہے، سب سے بڑھ کر یہ کہ میاں نواز شریف لندن فلیٹس کی خریداری کی رسیدیں پیش کر نے میں ناکام رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کلرکوں، ڈاکٹروں، مزدوروں، کسانوں کے بعد تاجر اور صنعتکار بھی حکمرانوں کی ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے نکل رہے ہیں۔
تبصرہ