درباریوں کے واویلہ سے لگتا ہے سزا جے آئی ٹی کے ممبرز کو ہو گی : خرم نواز گنڈا پور
اندر کیا ہوتا ہے کسی کو علم نہیں مگر باہر آ کرواقعہ کربلا سنایا جاتا ہے: سیکرٹری جنرل PAT
کمال مہارت سے باہر کی بریفنگ سے اپوزیشن کو آؤٹ کروا دیا گیا، احتساب ڈرامہ ریلیز سے پہلے سپر ہٹ
لاہور (5 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ شریف برادران کے درباریوں کے میڈیا کے سامنے واویلا سے لگتا ہے سزا جے آئی ٹی کے ممبران کو ہو گی، اندر کیا ہوتا ہے اسکی خبر تو باہر نہیں آتی مگر انتہائی شریف اور پارسا خاندان باہر آ کر ہچکیاں لے لے کر واقعہ کربلا سناتا ہے۔ کمال مہارت سے باہر کی بریفنگ سے اپوزیشن کو آؤٹ کر دیا گیا احتساب ڈرامہ ریلیز ہونے سے پہلے ہی ’’سپرہٹ‘‘ ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ جب تک پانامہ کیس سپریم کورٹ میں تھا اپوزیشن کو بھی سماعت کے بعد اظہار خیال کا موقع ملتا تھا جے آئی ٹی کی سماعت میں یہ سہولت بھی ختم ہو گئی۔ اندر کیک پیسٹریوں سے تواضع ہوتی ہے یا مرغن غذاؤں سے اس بارے اللہ بہتر جانتا ہے مگر باہر آ کر حکمران خاندان سینہ کوبی کرتا ہے۔ جے آئی ٹی کو ملنے والی کھلی دھمکیوں پر خود جے آئی ٹی کے ممبرز بھی خاموش ہیں، لگتا ہے ممبرز بھی دھمکیوں میں رچ بس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے 2 ممبر دوحہ میں ہیں کہ دوبئی میں یا پاکستان میں اس راز سے پردہ اٹھنا چاہیے۔ دیکھتے ہیں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا جے آئی ٹی میں آئندہ الیکشن کا ایجنڈہ تیار ہو رہا ہے مگر حکمرانوں کے یکطرفہ خطابات سے لگ رہا ہے ایجنڈے پر عمل درآمد بھی شروع ہو گیا۔
تبصرہ